• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دھاندلی کی تحقیقات، کمیٹی کی سربراہی وزیر اعظم کو اپنے پاس رکھنے کا مشورہ

وزیراعظم عمران خان کو پارٹی کی سینئر قیادت نے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کے لیے قائم ہونے والی پارلیمانی کمیٹی کی سربراہی اپنے پاس رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔ سربراہی کا حتمی فیصلہ ایک دو روز میں وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں ہوگا۔

ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی طرف سے وفاقی وزیردفاع پرویز خٹک کو پارلیمانی کمیٹی کا سربراہ بنائے جانے کی تجویز بھی سامنے آئی ہے تاہم کمیٹی کے دیگر ارکان کے لیے مختلف ناموں پر مشاورت جاری ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ پی ٹی آئی نے پارلیمانی کمیٹی کے لیے حکومت کی جانب سے دئیے گئے ناموں پر غور شروع کردیا، کمیٹی ارکان کے لیے شیریں مزاری، شفقت محمود، علی محمد خان اور عامر ڈوگر کے ناموں پر غور کیا جارہا ہے تاہم ق لیگ کی جانب سے بشیر چیمہ کا نام دیا گیا ہے۔

دوسری جانب ن لیگ نے پارلیمانی کمیٹی کے ارکان کے لیے احسن اقبال، رانا تنویر، رانا ثناء اللہ اور مرتضیٰ جاوید عباسی کو نامزد کیا ہے۔

اس سے قبل اپوزیشن جماعتوں نے مطالبہ کیا تھا کہ پارلیمانی کمیٹی میں حکومت اور اپوزیشن کو برابر نمائندگی اور کمیٹی کی چیئرمین شپ اپوزیشن کو دی جائے۔

واضح رہے کہ عام انتخابات کے بعد تمام اپوزیشن جماعتوں نے دھاندلی کا الزام لگاتے ہوئے حکومت سے پارلیمانی کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا تھااور وزیراعظم نے اپنے پہلے خطاب میں مبینہ انتخابی دھاندلی کے لیے پارلیمانی کمیشن قائم کرنے کا عندیہ دیا تھا۔

تازہ ترین