• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشیا کپ، پاکستان اور بنگلہ دیش میں آج فائنل کیلئے جنگ، غلطی کی گنجائش نہیں، سر فراز احمد

 دبئی (عبدالماجد بھٹی/ نمائندہ خصوصی) ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے سپر فور مرحلہ کا آخری اور اہم ترین میچ بدھ کو پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان شیخ زائد اسٹیڈیم ابوظہبی میں ہورہا ہے۔ اس میچ کی اہمیت سیمی فائنل جیسی ہے اور فاتح ٹیم جمعے کو دبئی میں بھارت کے خلاف فائنل میچ کھیلے گی۔ پاکستانی ٹیم بھارت کے ہاتھوں 9وکٹ کی شرم ناک شکست کے بعد منگل کو آئی سی سی اکیڈمی میں پریکٹس کی۔ بھارت کے ہاتھوں دو میچوں میں یکطرفہ شکست کے بعد پاکستانی اپنی ٹیم میں فاسٹ بولر جنید خان کو موقع دینے پر غور کررہا ہے۔ فاسٹ بولر محمد عامر کو ڈراپ کرنے کی تجویز ہے۔ محمد نواز کی کارکردگی پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں لیکن ٹیم انتظامیہ محمد نواز کو پورا موقع دینا چاہتی ہے۔ سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ٹورنامنٹ میں ہمیں مستقل مزاجی دکھانا ہوگی اور ہمارے پاس غلطی کی گنجائش نہیں ہے۔ مکی آرتھر کہتے ہیں کہ پاکستان اب بھی ٹورنامنٹ جیت سکتا ہے۔لیکن ہمیں غلطیوں سے سبق سیکھنا ہو گا۔ مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بیٹنگ میں اعتماد کا شدید بحران ہے، یہاں یہ دیکھنے کی ضرورت ہے کہ ہم بطور ٹیم کہاں کھڑے ہیں۔ بنگلہ دیش کو اس ٹورنامنٹ میں اپنے تماشائیوں کی جانب سے بھرپور سپورٹ ملی ہے۔ پاکستان دو بار ایشیا کپ جیت چکا ہے اور اس کا بنگلہ دیش کے خلاف ریکارڈ بہت اچھا ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان ہونے والے35ون ڈے میچوں میں سے پاکستان نے31جیتے ہیں اور بنگلہ دیش صرف چار میں کامیابی حاصل کرسکا ہے۔2015 میں پاکستانی ٹیم نے اظہر علی کی کپتانی میں بنگلہ دیش کا دورہ کیا تھا۔تین سال بعد دونوں ٹیمیں پہلی بار ایک دوسرے کے سامنے آرہی ہیں۔ بنگلہ دیش ٹیم کی حالیہ دنوں میں کارکردگی ملی جلی رہی ہے۔ اس نے آخری سیریز ویسٹ انڈیز کے خلاف ویسٹ انڈیز میں کھیلی تھی جس میں دو ایک سے کامیابی ملی تھی۔

تازہ ترین