لندن( نیوز ڈیسک) لیبر پارٹی کی سالانہ کانفرنس میں مک ڈونیل کی جانب سے پیش کئے گئے منصوبے کے مطابق اگلے عام انتخابات میں لیبر پارٹی کے برسراقتدار آنے کی صورت میں لیبر پارٹی پانی کی صنعتوں کو دوبارہ قومیانے کی پالیسی پر عمل کرے گی، لیبر پارٹی کےدوبارہ قومیانے کے اس پروگرام پر عمل کی صورت میں واٹر انڈسٹری کے موجودہ سربراہوں کو ملازمت کیلئے دوبارہ درخواست دینا ہوگی۔ دوبارہ قومیانے کے پروگرام کااعلان کرتے ہوئے لیبر پارٹی نے کہا کہ اس بات کی کوئی ضمانت نہیں ہے کہ موجودہ سینئر ایگزیکٹو اورڈائریکٹران اپنے عہدوں پر برقرار رہیں گے،جبکہ نئی انتظامیہ کے تحت ان کی تنخواہیں سب سے کم تنخواہیں وصول کرنے والے ملازمین سے 20 گنا سے زیادہ نہیں ہوں گی۔ان تجاویز کی تفصیلات شیڈو چانسلر کی کلیدی تقریر سے سامنے آئیں جس میں انھوں نے پانی کی نجکاری کوایک سکینڈل قرار دیتے ہوئے کہاتھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ اس انڈسٹری کانظام لوکل کونسلوں، ورکرز اورصارفین کے پاس ہو،ٹونی بلیئرنے لیبر لیڈر کی حیثیت سے ربع صدی پہلے کی اپنی پہلی تقریرمیں لیبر پارٹی کی جانب سے نجکاری کے وعدے کو پس پشت ڈال دیاتھا ، لیکن گزشتہ روز اپنی تقریر میں مک ڈونل نے اپنی تقریر میں کہا کہ 1918 میں لیبر کے اصولوں کی شق IV آج بھی اتنی ہی قابل عمل ہے جتنی وہ ماضی میں تھی۔انھوں نے کہا کہ اب ہمارے ملک میں طاقت کا توازن تبدیل کرنے کا وقت آگیاہے۔ اب لوگوں کو خود اپنی زندگیوں کا کنٹرول واپس کرنے کاوقت آگیا ہے انھوں نے کہا کہ اس ملک میں اقتصادی جمہوری حقوق میں وسیع تر توسیع ہمارے پروگرام کی کلید ہے۔