• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغان حکومت اپنے فیصلے خود کرے تو پاکستان کیساتھ تعلقات بہتر ہوں گے،شعیب سڈل

لندن (سعید نیازی) پاکستان کے سینئر بیورو کریٹ اور این یو ایس ٹی گلوبل تھنک ٹینک نیٹ ورک کے سینئر فیلو ڈاکٹر شعیب سڈل نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان روابط بڑھانے کی ضرورت ہے۔ بہتر تعلقات کے لئے ضروری ہے کہ افغان حکومت اپنے فیصلے خود کرے۔ وہ پیر کی شام رائل یونائیٹڈ سروس انسٹی ٹیوٹ میں خطاب کررہے تھے۔ پاکستان اور افغانستان کے تعلقات اور خطے کا استحکام کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر شعیب سڈل نے کہا کہ افغانستان میں پڑوسی ملک کی انٹیلی جنس ایجنسی کا کردار بہت زیادہ ہے اور افغان اسٹیبلشمنٹ کو اس ادارے کی مداخلت کے سبب خودمختاربن کر مسائل کو حل کرنا مشکل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان باہمی روابط اعتماد کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ مہاجرین اور ویزا کے مسائل بھی حل کرنا ہوں گے اور دونوں ممالک کے درمیان فی الحال جو مثبت فضا قائم ہے، اس سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔ پاکستان کی نئی حکومت کی طرف سے بھارت کو دیئے گئے دوستی کے پیغام کو بھارت کی جانب سے رد کئے جانے پر انہوں نے مایوسی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ توقع ہے کہ بھارت کو جلد اپنی غلطی کا احساس ہوگا۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان تعمیری روابط استوار کرنے اور بات چیت شروع کرنے کے سوا کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔ پاکستان میں بے نظیر بھٹو اور مرتضیٰ بھٹو کے کیسوں میں کیا انصاف ملا، کے سوال پر انہوں نے کہا کہ ہمارے عدالتی نظام میں انصاف کا حصول آسان نہیں۔ کیس سالہا سال چلتے ہیں، اتنی دیر میں شواہد ہی ختم ہوجاتے ہیں، جب جرم کی ابتدائی تحقیقات کی جاتی ہے تو وہ آزادانہ انوسٹی گیشن نہیں ہوتی، ایف آئی آر میں بعض اوقات غیر متعلقہ افراد کو نامزد کردیا جاتا ہے جن کے متعلق بعد میں ثبوت بھی نہیں ملتے۔ پاکستان میں ایف آئی آر سے پولیس تحقیقات، پراسیکویشن اور ٹرائل سے جیل کے مرحلے تک پورے سسٹم کو ازسرنو ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے۔ انصاف کی بروقت فراہمی اور عدالتی نظام کو درست کرنا نئی حکومت کے لئے سب سے اہم چیلنج ہے۔ میٹنگ میں چیٹہم ہائوس کے ریسرچ ایسوسی ایٹ حمید حکیمی نے کہا کہ یہ بات اہم ہے کہ پاکستان اور افغانستان بات چیت کا سلسلہ جاری رکھیں۔ خصوصاً نوجوان کو اس میں آگے آنا چاہیے۔ دونوں ممالک کے درمیان متعدد باتیں مشترک ہیں، بس سیکورٹی کے معاملات کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ میٹنگ سے رکن پارلیمنٹ رحمن چشتی نے بھی خطاب کیا۔ شرکا نے ڈاکٹر شعیب سڈل سے مختلف سوالات بھی کئے۔

تازہ ترین