• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

7سال کے دوران 50سال سے زائد عمر کے افراد میں تنہائی بڑھنے کی وارننگ

لندن (پی اے) ایک چیرٹی نے وارننگ دی ہے کہ آنے والے7سال کے دوران50سال سے زائد عمر کے افراد میں تنہائی بڑھ جائے گی۔ ایج یوکے نے کہا ہے کہ معمر آبادی بڑھ رہی ہے اور ایسے لوگوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا جو تنہائی کے بوجھ کا شکار ہوں گے۔ چیریٹی نے اندازہ لگایا ہے کہ انگلینڈ میں50سال یا زائد عمر کی لوگوں کی تعداد جو اکثر خود کو تنہا محسوس کریں گے 2020-21ء تک5لاکھ افراد کے اضافے کی حامل ہوگی اور2025-26تک20لاکھ تک پہنچ جائے گی۔ چیریٹی کے مطابق2016-17ء میں یہ تعداد14لاکھ تھی۔ چیریٹی نے وارننگ دی ہے کہ تنہائی کسی شخص کی صحت اور بہبود کو سنگین طور پر متاثر کرسکتی ہے۔ چیریٹی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ تنہائی محسوس کرنے والے افراد کی مدد کے لئے اقدامات کے ایک سلسلے اور حکمت عملیوں پر عملدرآمد کرے۔ ہماری آبادی تیزی سے بوڑھی ہورہی ہے اور اس لئے ہم ایک عشرے سے بھی کم وقت میں50سال سے زائد عمر کے20لاکھ تنہا افراد کی جانب بڑھ رہے ہیں جن کی جسمانی اور ذہنی صحت خراب ہوگی جس کے نتائج کا سامنا این ایچ ایس کو کرنا ہوگا۔ یہ بات ایج یوکے کی ڈائریکٹر کیرولین ابراہامز نے کہی۔ انہوں نے کہا کہ اس لئے حکومت کی آنے والی حکمت عملی بروقت اور اہم ہے اور اسے اقدامات کے سلسلے کا حامل ہونا چاہیے، تاکہ ہر عمر کے لوگوں میں تنہائی کے احساس کا سدباب ہوسکے۔ علاوہ ازیں حکمت عملی میں وافر وسائل ہونے چاہئیں، تاکہ اقدامات پر عملدرآمد ہوسکے۔ حکومت تنہا اس مسئلے کو حل نہیں کرسکتی، مگر بنیادوں کو یقینی بناسکتی ہے، تاکہ ہم سب اپنا کردار ادا کرسکیں، یہ کردار پڑوسی، رشتے داروں، دوستوں، آجروں اور رضاکاروں کو ادا کرنا ہوگا۔
تازہ ترین