• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مرحوم علی اکبر نوجوانوں کیلئے رول ماڈل تھا، چوہدری لیاقت علی

نوٹنگھم(خواجہ کبیر احمد) متحرک نوجوان نوٹنگھم سٹی کونسل کے سابق شیرف محمد علی اصغر کے صاحبزادہ علی اکبر جو پانچ سال قبل کینسر سے لڑتے ہوئے جان کی بازی ہار گئے تھے، انکی یاد میں ہر سال کی طرح اس سال بھی انکے یوم وفات پر میموریل فٹبال ٹورنامنٹ منعقد ہوا جو اس سلسلہ کا چھٹا سالانہ ٹورنامنٹ تھا، ٹورنامنٹ میں بارہ ٹیموں نے حصہ لیا اور جیتنے والی ٹیم کو یاد گار ٹرافی دی گئی جبکہ رنر اپ ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کو میڈل پہنائے گئے۔ لارڈ میئر نوٹنگھم چوہدری لیاقت علی نے ٹورنامنٹ میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی اور مرحوم علی اکبر کی کمیونٹی خاص کر نوجوانوں کے لئے خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا ان کا کہنا تھا کہ علی اکبر ہمارے نوجوانوں کے لئے ایک رول ماڈل کی حیثیت رکھتے تھے، صحت مند سرگرمیوں میں حصہ لےکر نوجوان مرحوم کی یادوں کو بھی تازہ رکھ سکتے ہیں اور خود بھی اپنی کمیونٹی میں اور دوسروں کے لئے ایک آئیڈیل بن سکتے ہیں ۔اس موقع پر مرحوم کے والد سابق شیرف محمد علی اصغر کا کہنا تھا کہ علی اکبر ہم سے بہت کم عمری میں جدا ہو گئے مگر انکی یادیں زندہ ہیں اور نوجوانوں کے لئے صحت مند سرگرمیوں کا انعقاد دراصل مرحوم کے مشن کو آگے بڑھانے کا ایک ذریعہ ہے انھوں نے بتایا کہ ہر سال یہ ٹورنامنٹ کروایا جاتا ہے تاکہ نوجوان ایک جانب کھیلوں اور دیگر مثبت سرگرمیوں میں حصہ لے سکیں اور دوسری جانب مرحوم کے ایصال ثواب کے لئے اس ٹورنامنٹ سے جمع ہونے والا فنڈ یہاں کینسر ریسرچ میں جمع کروایا جاتا ہے۔ جیتنے والی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ علی اکبر ہمارے دلوں میں زندہ ہیں اور انکا یہی کام ہوتا تھا کہ اپنے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں میں متحرک رکھیں تاکہ ہمارے نوجوان اس معاشرے میں اپنا کوئی مقام پیدا کر سکیں۔ ٹورنامنٹ دیکھنے والے بھی کثیر تعداد میں موجود تھے ۔
تازہ ترین