• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ہمیں متحد ہوکر آگے بڑھنا ہوگا،ایڈیشنل آئی جی

کوئٹہ (خ ن)ایڈیشنل آئی جی پولیس بلوچستان چوہدری منظور سرور نے کہا ہے کہ ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے لوگ اور ادارے اپنی صفوں میں اتحادو یکجہتی پیدا کرکے ملک دشمن عناصر کی سازشوں کو ناکام بناسکتے ہیں محرم الحرام کے دوران پاک فوج ، فرنٹیر کور ، پولیس ، لیویز ، بلوچستان کانسبٹیلبری سمیت دیگر اداروں حتیٰ کہ شہریوں نے بھر پور برداشت اور بردباری کا مظاہرہ کرکے اس پروگرام کو خیر و عافیت سے سر انجام دینے میں جو کردار ادا کیا وہ قابل تحسین ہے ہمیں آج بھی مختلف چیلنجز کا سامنا ہے ان سے نمٹنے کیلئے اسی طرح متحد ہوکر آگے بڑھنا ہوگا تاکہ ملک دشمن عناصر اور بیرونی قوتوں کے ایجنڈے کو ناکام بنایا جاسکے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ پولیس کی جانب سے ڈی آئی جی آفس میںان کے اعزاز میں دیئے گئے عصرانے کے شرکاء سے اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی پولیس جہانزیب جوگیزئی، ریجنل پولیس آفیسر و ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ، کمشنر کوئٹہ ڈویڑن محمد ہاشم غلزئی، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر) طاہر عباسی ، ڈی آئی جی اسپیشل برانچ ،ایس ایس پی آپریشن نصیب اللہ خان ،ایس ایس پی ایڈمن عرفان بشیر، ایس ایس پی ٹریفک پولیس نذیر احمد کرد ، ایس ایس پی لیگل سجاد ترین ، ایس ایس پی سیکورٹی محمد نعیم اچکزئی، ایس ایس پی محمد شوکت ، ایس پی ٹریفک پولیس سٹی جاوید احمد خان ، ایس پی سٹی عبداللہ جان آفریدی، ایس پی سریاب ڈویڑن نوراحمد بڑیچ، سردار حسن موسیٰ خیل، فرنٹیئر کور غزہ بند کے کمانڈنٹ کرنل ربنواز ، ایس پی ہیڈ کوارٹر محمد علیم ، فاضل بٹ، بلوچستان شیعہ کانفرنس کے صدر سید داؤدآغا ، مرکزی انجمن تاجران کے صدر عبدالرحیم کاکڑ ، حاجی اللہ داد ترین ، حضرت علی اچکزئی، مذہبی اسکالر ڈاکٹر عطاء الرحمان تمام ڈی ایس پی تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز سمیت مختلف محکموں کے افسران اور پولیس ملازمین بھی موجود تھے۔ چوہدری منظور سرور نے کہا کہ محرم کوئٹہ سمیت ملک بھر میں امن وامان سے گزر گیا حالانکہ کوئٹہ کے حالات دیکھیں تو پہلے دہشت گردی تھی کچھ عرصہ سے امن وامان کی صورتحال باعث تسکین ہے۔ محرم الحرام کے دوران خطرات اور خدشات موجود تھے جن کے بارے میں انٹیلی جنس ادارے نشاندہی کرتے رہتے تھے لیکن پاک فوج ، فرنٹیر کور ، پولیس ، ضلعی انتظامیہ سنی و شیعہ علماء کرام ، انجمن تاجران اور میڈیا سمیت ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے پر امن محرم گزارنے کے لئے عوام سمیت اپنا کردار ادا کیا جس پر انہیں مبارک باد دیتے ہیں کیونکہ آج بھی ملک دشمن عناصر اوربیرونی قوتیں کوئٹہ کے امن کو اپنی سازشوں کے ذریعے تہہ و بالا کرنا چاہتے ہیں لیکن ہم نے مشترکہ کوششوں سے شانہ بشانہ چل کر امن کی بحالی کو یقینی بنایا۔ ہماری کوشش ہے کہ یہ اتحاد آئندہ بھی برقرار رہے تاکہ دشمن کو ہمارے صوبے پر کاری ضرب لگانے کا موقع نہ مل سکے۔
تازہ ترین