ایشیا کپ میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان اہم میچ بدھ کو کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان کڑے مقابلے کی توقع کی جارہی ہے، دونوں ٹیموں کیلئے سر دڑھر کی بازی لگانے کا چانس ہے ، جو ٹیم فتح حاصل کرے گی وہ فائنل میں بھارت سے مقابلہ کرے گی اور جو ٹیم شکست کھائے گی وہ واپس گھر لوٹ جائے گی۔ ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کا اہم مقابلہ ”سیمی فائنل“ کا روپ اختیار کر گیا ہے اور پوری قوم کی نظریں اس میچ پر لگی ہیں، دونوں ٹیموں کے درمیان فائنل کھیلنے کیلئے کشمکش جاری ہے اور ابو ظہبی کے گراؤنڈ پر دونوں ٹیمیں سخت پریکٹس میں مصروف ہیں۔ پاکستان کے بلے باز فخر زمان، سرفراز احمد، آصف علی اور حارث سہیل کوئی بڑی اننگز نہیں کھیل سکے ، قومی ٹیم کے بالرز کا بھی بہت بُرا حال ہے۔ ایک طرف محمد عامر تنقید کے نشانے پر ہیں تو دوسری طرف حسن علی اور شاداب خان بھی اپنے رنگ میں نظر نہیں آرہے جبکہ بنگلہ دیشی ٹیم بھی کافی مشکل میں نظر آرہی ہے۔ اس میچ میں جو ٹیم اپنی فارم بحال کرلے گی وہی فائنل تک رسائی بھی حاصل کرے گی۔