• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہبازشریف پی اے سی کے سربراہ، 33میں سے 16کمیٹیاں اپوزیشن کیلئے

اسلام آباد (صباح نیوز) حزب اقتدار جماعت نے پارٹی ارکان کے تحفظات کے باوجود پبلک اکاونٹس کمیٹی(پی اے سی) اپوزیشن کو دینے کا فیصلہ کیا ہے جس کے چیئرمین حزب اختلاف کے سربراہ شہباز شریف ہوں گے۔منگل کے روز اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیرصدارت پارلیمانی رہنماوں کا اجلاس ہوا جس میں پی اے سی اور قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل اور پارلیمانی کارروائی پر مشاورت کی گئی۔اجلاس میں کمیٹیوں کے پرانے کوٹے اور طریقہ کار کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا جس کے تحت اپوزیشن کو 16 اور حکومت کو 17 قائمہ کمیٹیوں کی سربراہی ملے گی۔حزب اختلاف کی سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ ن کو 9، پاکستان پیپلز پارٹی کو 6 اورمتحدہ مجلس عمل(ایم ایم اے)کو ایک قائمہ کمیٹی کی سربراہی ملے گی۔حکومتی فیصلہ کے بعد قائمہ کمیٹیوں کا نوٹیفکیشن آئندہ تین روز میں جاری کردیا جائے گا۔پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پبلک اکاونٹس کمیٹی کے سربراہ شہباز شریف ہوں گے۔ 
تازہ ترین