• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہم نے تعمیرات میں پتھر کی دیواریں ،شیشے کی دیواریں یا پھرگرین وال زیادہ سے زیادہ گھروں کی زینت بنتے ہوئے دیکھی ہیں۔ ہوسکتا ہے کہ آپ کے اپنے گھر میں بھی اس طرح کی دیواریں موجود ہوں، حتیٰ کہ عام گھروں کی دلکشی بڑھانے کے لیے مرکزی دیوار کو پتھر یا شیشے کے ساتھ خوبصورت طرز پر تعمیر کروایا جاتا ہے۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ خوبصورتی کے لیے شیشے یا پتھر کا انتخاب ہی کیوں؟ کسی اور مواد کا انتخاب کیوں نہیں؟ آئیے آج آپ کے تعمیراتی طرز کو کچھ سادہ اور پرسکون سا انداز دیں، جیسا کہ رسٹک ٹچ (دیہی ٹچ)، جو آپ کے گھر کو قدرت کے نزدیک کردے گا۔ دیہی طرز سے مراد یہ ہے کہ گھر کے منتخب کردہ حصے میں قدرتی پتھروں اور لکڑیوں کا استعمال کیا جائے، اس طرز کو آپ جدید اور دیہی طرز کا امتزاج بھی کہہ سکتے ہیں ۔دور جدید میں نت نئے ٹرینڈ اور مواد متعارف کرائے جانے کے باوجود دیہی طرز اپنی اہمیت برقرار رکھے ہوئے ہے، یہی وجہ ہے کہ یہ رجحان جدید گھروں میں بھی زیادہ مقبول ہے۔ اس اسٹائل کو اگر آپ اپنے گھر میں دیکھنا چاہتے ہیں تو مندرجہ ذیل مشورے آپ کے لیے مفید ثابت ہوسکتے ہیں ۔

لیونگ روم میں رسٹک ٹچ

انٹیریئر ماہرین کے نزدیک گھر کے بڑے کمروں میں پورشن بناکر بھی گھر کو ایک نئے انداز سے سجایا یا سنوارا جاسکتا ہے۔ دور جدید میں جگہوں کو جوڑنےیا علیحدہ کرنے کا رجحان مقبول ہوتا جارہا ہے۔اب کچن سے جڑے لاؤنج یا ڈائننگ روم نے جہاں عوام میں مقبولیت حاصل کی ہے وہیں بیڈ روم میں علیحدہ سا لیونگ روم یا اسٹڈی روم بھی خاصا مقبول ہورہا ہے اور یہی وہ طریقہ ہے جس کے تحت آپ گھر کو دیہی اسٹائل دے سکتے ہیں۔ گھر کے بڑے حصوں کو علیحدہ کرنے کے لیے چھت سے منسلک لکڑی کی دیوار بنوائیں اس دیوار کو ٹی وی اسٹینڈ ،لائبریر ی شیلف یا سجاوٹی دیوار کے طور پر بھی منتخب کیا جاسکتا ہے۔اگر آپ کے گھر کا رنگ وروغن ہلکا اور سادہ ہے تو گہرے رنگ کی لکڑی کا انتخاب کریں لیکن اگر گہرا رنگ وروغن ہے تو ہلکے رنگ کی لکڑی بہترین رہے گی۔

بیڈروم میں رسٹک ٹچ

کسی بھی انسان کا بیڈروم اس کے خوابوں کی آماجگاہ ہوتی ہے ۔یہ گھر کا وہ حصہ ہےجہاں آپ زیادہ وقت سوکر گزاریں یا جاگ کر،آپ کو پورے گھر میں سکون صرف اسی گوشے میں محسوس ہوتا ہے۔ جب بات ہو بیڈ روم کی سجاوٹ یا طرزِتعمیرکی تو سب سے پہلا خیال مرکزی دیوار کی آرائش کا آتا ہے، جس کے ساتھ آپ کا بیڈ سجایا جاسکے۔ تو کیوں نہ اس دیوار کو ہی دیہی طرز کے لیے منتخب کرلیا جائے؟ ماضی میں رسٹک اسٹائل کی دیوار ہی ہر گھر کی خوبصورتی کا ذریعہ بنتی تھی لیکن پھر یہ رجحان بدلتا گیا، تاہم اب ایک بار پھر یہ اسٹائل جدید گھروں میں بہت عام ہورہا ہے۔ وہ لوگ جو جمالیاتی حِس رکھتے ہیں ان کے لیے یہ دیوار بہت خاص ہوتی ہے۔ یہ دیوار کمرے کو رسٹک ٹچ دینےکا سب سے آسان اور سستا طریقہ ہے۔ جب آپ یہ دیوار چنیں تو خیال رکھیں کہ کمرے کی دیگر دیواریں سادہ مگرخوبصورت رنگوں کے ساتھ ہوں، سا تھ ہی ان دیواروں کی سجاوٹ کا بھی دھیان رکھیں کیونکہ یہ آپ کے کمرے کو چار چاند لگا سکتی ہیں۔

داخلی حصہ اور رسٹک ٹچ

گھر کے مختلف حصوں کو تقسیم کرنے اور پرائیویسی بڑھانے کے لیےآدھی دیواروں کاٹریند تو رواں سال خاصا مقبول ہے ہی لیکن داخلی حصے کو متاثر کن بنانے کے لیے دیہی طرز پر تعمیر کی گئی آدھی دیوار بھی ایک اچھا انتخاب ثابت ہوسکتی ہے۔ داخلی دیوار کے مرکز میں مستطیل طرز کے فریم میں پتھر یا لکڑی سے بھرائی کروادیں۔ یہاں بھی گہرے اور ہلکے رنگوں کا خاص خیال رکھیں کیونکہ یہ دیوار اسی صورت زیادہ نمایاں ہوگی جب اس دیوار کی تعمیر کے وقت ہینگنگ بلب کے ذریعے اس حصے کو سادہ اور خوبصورت انداز دیا جائے۔

ڈائننگ ایریا اور رسٹک ٹچ

ڈائننگ روم میں دیہی طرز بہترین اور خوبصورت محسوس ہوتا ہے۔ جہاں آپ کو ڈائننگ ایریا مختص کرنا ہو، وہاں کچھ فاصلے پر ایک سادہ دیوار تعمیر کروائیں اور درمیان کا کچھ حصہ پتھروںیا دیوار کے لیے مختص کرلیں۔ دیوار کے ساتھ اسٹینڈ لگا کر اس دیوار پر آرائشی سامان رکھا جاسکتا ہے مثلاً خوبصورت گملے یا پھر آرائشی بلب وغیرہ۔

بیسمنٹ روم اور رسٹک ٹچ

اگر آپ بیسمنٹ میں بنے کمرے کے سجاوٹی حصے کی طرف جارہے ہیں تو پتھروں کے ڈیزائن کو نظر انداز نہ کریں۔ یقیناً اس کے لیے قدرتی پتھر کو ہی چننا چاہیے لیکن اگر آپ کسی اور تجویز پر غور کرنا چاہتے ہیں تو کر سکتے ہیں۔ لکڑ ی بھی اس حصے کے لیے ایک آرام دہ احساس پیدا کرتی ہے۔

تازہ ترین