• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کنگز کپ سیپک ٹاکرا ، ورلڈ چیمپئن شپ، ٹائٹل تھائی لینڈ کے نام

تھائی لینڈ نے ملائشیا کو شکست دیکرکنگز کپ سیپک ٹاکرا، ورلڈ چیمپئن شپ کا پریمئر مینز ٹیم ایونٹ ٹائٹل حاصل کرلیا جبکہ ویمن ٹیم پریمئر کے فائنل میں تھائی لینڈ نے ویتنام کو ہرایا۔ فلپائن اور کوریا نے مشترکہ طور پر تیسری پوزیشن حاصل کی۔

چیمپئن شپ کے مینز ٹیم ڈویژن ون میں بھارت کی ٹیم چیمپئن قرار پائی جبکہ فرانس کی ٹیم نے دوسری ، سوئٹزر لینڈ اور سری لنکا نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ فائنل تقریب کے مہمان خصوصی تھائی لینڈ کے چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل سوپا چائی تھے۔ ان کے ہمراہ انٹرنیشنل سیپک ٹاکرا فیڈریشن کے صدر چارک اریراچاکرن ، انٹرنیشنل سیپک ٹاکرا کے سیکرٹری جنرل داتو عبدالحلیم کادر، آرگنائزنگ کمیٹی کے سیکرٹری بونچائی لورپیپٹ اور دیگربھی موجود تھے۔

مہمان خصوصی نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے ۔ اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ چیمپئن شپ میں شرکت کرنے والے تمام ممالک کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے ساتھ ساتھ ٹیکنیکل اسٹاف کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے ہمارے ملک میں آکر ہمیں عزت بخشی۔ انٹرنیشنل سیپک ٹاکرا کے سیکرٹری جنرل داتو عبدالحلیم کادر اورآرگنائزنگ سیکرٹری بونچائی لوپیپٹ نے بھی تمام ٹیموں کی چیمپئن شپ میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

کورت سٹی کے ٹرمینل 21 میں کھیلی جانےوالی چیمپئن شپ کا پریمئر مینز ٹیم ایونٹ یکطرفہ رہا، جس میں میزبان تھائی کھلاڑی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلے میچ کے پہلے سیٹ میں 21-12 اور 21-17 سے جبکہ دوسرے مقابلے میں 21-12 اور 21-16 سے فتح حاصل کرتے ہوئے 2-0 سے پریمیئر کا ٹائٹل حاصل کیا۔ چیمپئن شپ میں شرکت کرنے والی تمام ٹیموں کے اعزاز میں اتوار کی شب شاندار عشائیہ دیا گیا جس میں تمام ٹیموں کے کھلاڑیوں اور آفیشلز نے شرکت کی۔ ایونٹ میں شریک پاکستانی دستہ منگل کی شب وطن پہنچے گا۔

تازہ ترین