• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سی پیک میں تیسرے ملک کی شمولیت کا منصوبہ نہیں،اسدعمر

وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ سی پیک میں کونسے منصوبے ہوں گے یہ فیصلہ پاکستان اور چین نے کرنا ہے، سی پیک میں تیسرے ملک کی شمولیت کا منصوبہ نہیں،ابھی صرف بات ہوئی ہے۔

سینیٹ میں بجٹ بحث سمیٹتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ سی پیک منصوبے کے اسٹریٹجک پارٹنر پاکستان اور چین ہیں، چین کے وزیر خارجہ سے بات چیت میں اتفاق ہوا تھا کہ سی پیک کے انفرادی منصوبوں میں تیسرے ملک کی سرمایہ کاری لائی جائے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ سی پیک پر جب ہماری سعودی عرب سے بات ہوئی تو انہوں نے ہمارے آئیڈئیے کو اچھا قرار دیا اور کہا کہ ہم سی پیک کے تحت منصوبوں میں سرمایہ کا ری کا ارادہ رکھتے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے سی پیک کے کسی معاہدے کے بارے میں ڈھائی سال تک پارلیمان کو نہیں بتایا تھا ،صرف پنجاب حکومت کو اس کا علم تھا ،پی ٹی آئی ایسا نہیں کرےگی۔

اسد عمرنے کہا کہ ریکوڈک منصوبے سے وفاقی حکومت کا لینا دینا ہے لیکن اس منصوبے کا اختیار بلوچستان حکومت کا ہے، ہم سہولت کار بن سکتے ہیں، ریکوڈک کا کیس پاکستان ہار گیا۔

ان کا کہناتھاکہ سعودی عرب نے کہا کہ اگر ہم اس کا حل نکالنے کی کوشش کریں تو آپ سننے کو تیار ہوں گے؟ ہم نے کہا کہ کیوں نہیں ، ہم مشکل میں پھنسے ہیں ، میں نے سعودی عرب کی یہ بات وزیر اعلیٰ بلوچستان کو بتائی۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی حل نکالتا ہے تو ہم ضرور سنیں گے، جب سعودی عرب کا وفد گوادر گیا تو بلوچستان کے نمائندہ موجود تھے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ کے حوالے سے صوبوں کے وزرائےاعلیٰ کو دو مرتبہ خط لکھ چکا ہوں،انہیں این ایف سی ایوارڈ میں اپنے نمائندے نامزد کرنے کا کہہ چکا ہوں تاکہ اس پر جلد کام شروع ہوسکے۔

اسد عمرنے قومی اسمبلی کی بات سینیٹ میں بھی دہراتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کو فائلر ہونے کی ضرورت نہیں،بیرون ملک پاکستانیوں کو فائلر ہونے کے بغیر جائیداد اور گاڑی خریدنے کی اجازت ہوگی،وراثت میں ملنے والی جائیداد کو ٹرانسفر کرانے کیلئے فائلر ہونے کی شرط ختم کردی۔

ان کا کہناتھاکہ سینیٹ اور قومی اسمبلی نے اس بات پر اتفاق کیا کہ انتہائی صاحب ثروت لوگوں کا ٹیکس نیٹ بڑھانے کی ضرورت ہے ،نان فائلر 200سی سی یا اس سے کم سی سی گاڑی خریدسکتا ہے ،فاٹا اور پاٹا کو آیندہ پانچ سال تک ٹیکس سے استثنا ہوگا، کابینہ بھی منظوری دے چکی ہے۔

تازہ ترین