• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گیس، بجلی کی قیمتیں بڑھانا درست اقدام ہے، آئی ایم ایف

عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے حکومت پاکستان کی طرف سے گیس اور بجلی کی قیمتوں کی بڑھانے کو درست اقدام قرار دیتے ہوئے زور دیا ہے کہ مالیاتی پالیسی مزید سخت اور شرح منافع بڑھانے کی ضرورت ہے۔

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو ٹیکس اصلاحات اور ٹیکس آمدن بڑھانے کی ضرورت ہے، بڑھتا خسارہ، کم ہوتی معاشی ترقی اور زرمبادلہ ذخائر بڑے چیلنجز ہیں۔

آئی ایم ایف کے مطابق پاکستان کے ساتھ آرٹیکل 4 کے تحت معاشی جائزہ مکمل کر لیا ہے، پاکستان میں معیشت کی بہتری کے لیے اٹھائے گئے اقدامات ناکافی ہیں۔

آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ بیرونی ادائیگیوں کا دباؤ روپے کی قدر میں کمی کا سبب بن سکتا ہے، پاکستانی روپے کی قدر میں مزید کمی کی ضرورت ہے، جبکہ تیل کی بڑھتی قیمت پاکستان کے لیے مزید مشکلات کا سبب بن سکتی ہے۔

آئی ایم ایف کا مزید کہنا ہے کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام اچھا پروگرام ہے، سرکاری اداروں کے نقصانات کم کرنے، اسٹیٹ بینک کی خود مختاری مزید بڑھانے اور اینٹی منی لانڈرنگ قوانین کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت ہے۔

تازہ ترین