• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں گرمی کی شدت، ہیلتھ پروفیشنلز بھی میدان میں آگئے

شہر میں بڑھتی ہوئی گرمی اور آلودگی کو کم کرنے کے لیے ہیلتھ پروفیشنلز بھی میدان میں آگئے ہیں۔صدر میں تاج کمپلیکس کے قریب سے شجرکاری مہم منگل سے شروع کر دی گئی۔ یہ مہم ہاشمانیز میڈیکل اینڈ ویلفیئر فاؤنڈیشن کی جانب سے کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے اشتراک سے شروع کی گئی ہے ۔

اس سلسلے میں افتتاحی تقریب تاج میڈیکل کمپلیکس کے پاس منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور اور ڈاکٹر شریف ہاشمانی تھے۔ انہوں نے سڑک پر پودے لگا کر مہم کا افتتاح کیا۔

افتتاحی تقریب میں بزنس مین یحییٰ پولانی، سی ای او ہاشمانیز اسپتال ارسلان ہاشمانی، مجید ابدانی و دیگر بھی موجود تھے ۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معروف آئی سرجن اور چیئرمین ہاشمانیزمیڈیکل ویلفیئر فاؤنڈیشن ڈاکٹر شریف ہاشمانی نے بتایا کہ مہم کے دوران صدر اور لائنز ایریا کے علاقے میں پانچ سو پودے لگائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ شہر میں آلودگی اور گرمی بڑھ رہی ہے، بارش نہیں ہو رہی، یہ ہماری کوتاہی ہے۔ پودے لگانا ہماری صحت اور ماحول کے لیے بہت ضروری ہیں، اب یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ دیگر مخیر حضرات بھی اس میں حصہ لیں۔

چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور نے کہا کہ وہ شجرکاری مہم شروع کرنے پر ہاشمانیز کے شکرگزار ہیں۔ ہر شہری اپنے حصے کا پودا لگائے،پودے لگانا آسان لیکن اس کی پرورش مشکل ہے۔ امید ہے ہاشمانیز کی جانب سے لگائے پودوں کی دیکھ بھال بھی کی جاتی رہے گی۔

انہوںنے کہا کہ دینی مدارس و تمام سیاسی جماعتوں کو بھی اس میں بھرپور حصہ لینا چاہیے، آلودگی و گرمی آئے دن بڑھ رہی ہے، آئیں مل کر شہر کو دوبارہ گرین کراچی بنائیں۔

تازہ ترین