• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت ہائوسنگ اسکیم میں سہولت کار کا کردار ادا کرے گی، فرخ سلیم

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ترجمان وفاقی حکومت برائے معیشت فرخ سلیم نے کہا ہے کہ حکومت ہائوسنگ اسکیم میں سہولت کار کا کردار ادا کرے گی ، ترجمان الیکشن کمیشن الطاف احمد نے کہا کہ آئین میں شفاف انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کے پاس لامحدود اختیارات ہیں،سینئر تجزیہ کار سہیل وڑائچ نے کہا کہ عمران خان کو اقتدار سنبھالے بہت تھوڑے دن ہوئے ہیں انہیں حکومت سیٹل کرنے میں وقت لگے گا، عمران خان کا جو جارحانہ رویہ ہے یہ حکمران کیلئے اچھا نہیں ہوتا ہے،میزبان شاہزیب خانزادہ نےتجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی پنجاب حکومت آئے روز ایک نئے تنازع کا شکار ہورہی ہے۔ترجمان وفاقی حکومت برائے معیشت فرخ سلیم نے کہا کہ پاکستان میں ایک کروڑ گھروں کی قلت ہے، اگلے پانچ سال کچھ نہ کیا گیا تو دو کروڑ گھروں کی قلت ہوجائے گی، پاکستان کی صرف پانچ چھ فیصد آبادی پکا گھر بناپاتی ہے، 95فیصد آبادی کچے گھروں میں رہتی ہے یا بے گھر ہے، حکومت ہائوسنگ اسکیم میں سہولت کار کا کردار ادا کرے گی جبکہ پیسہ پرائیویٹ سیکٹر سے آئے گا جس کا فائدہ کم آمدنی والے لوگو ں کو ہوگا، گھر بنانے کیلئے 90 فیصد قرض ملے گا جبکہ ڈیڑھ لاکھ روپے مکان مالک کو لگانا ہوں گے، اس کی قسط پچاس ہزار روپے آمدنی رکھنے والے شخص کے مطابق رکھی جائے گی، ترقی یافتہ ممالک میں ہائوسنگ سیکٹر معیشت کو ڈرائیوکرتا ہے، پاکستان میں یہ ماڈل کامیاب ہوگیا تو کم از کم تین درجن منسلک صنعتیں بھی ترقی کریں گی جس سے معیشت کا پھیلائو ہوگا۔فرخ سلیم کا کہنا تھا کہ پچاس لاکھ گھروں کی تعمیر کا معیشت کے سائز سے تعلق نہیں ہے، دنیا بھر میں مارگیج بزنس کا منافع بخش کام ہوتا ہے جو پاکستان میں نہیں ہوتا، یو ایس ڈیپارٹمنٹ آف اسٹیٹ کی اسٹڈی کے مطابق پاکستان سے دس ارب ڈالر کی سالانہ منی لانڈرنگ ہورہی ہے، اس لحاظ سے پچھلے دس برسوں میں سو ارب ڈالر کی منی لانڈرنگ ہوئی ہے جبکہ پاکستان کا ٹوٹل بیرونی قرضہ 95 ارب ڈالر ہے، اس ملک میں چوری اور منی لانڈرنگ روک دی جائے تو اضافی سرمایہ مہیا ہوسکتا ہے، پاکستان کی حکومت سالانہ ساٹھ ارب ڈالر کے ٹھیکے دیتی ہے۔

تازہ ترین