• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جیو کی ”ڈونکی کنگ“ ضرور کامیاب ہوگی، فواد چوہدری

پاکستان کی سب سے بڑی اور جیو کی پہلی اینی میٹڈ فلم ”دی ڈونکی کنگ“ سے نا صرف بچے بلکہ سیاسی و سماجی شخصیات بھی متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکیں۔ اینی میشن فلم کے مکالمے اور کرداروں کی ادائیں ایسی ہیں کہ سب کیلئے تعریف کئے بغیر رہنا نا ممکن ہوگیا ہے۔ 13 اکتوبر سے ملک بھر میں جلوہ گر ہونی والی ”جیوفلمز“ کی خوبصورت پیشکش ”دی ڈونکی کنگ“ کی خصوصی نمائش جہاں بچوں کو شاندار اینی میٹڈ فلم کا دیوانہ بنا رہی ہے وہاں وفاقی وزرا سمیت ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد ”ڈونکی کنگ “ کو ملک میں اپنی نوعیت کی پہلی، بڑی اور عمدہ کاوش قرار دے رہے ہیں۔ وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے ”دی ڈونکی کنگ“ کو پاکستان میں مزید اینی میٹڈ موویز کیلئے ایک سنگ میل قرار دے دیا ہے جبکہ اداکاروں، صدا کاروں اور گلو کاروں کے مطابق ”ڈونکی کنگ “ بلا شعبہ ملکی تاریخ کی سب سے بڑی اور ہر لحاظ سے مکمل فلم ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ”دی ڈونکی کنگ“ کا خصوصی شو دیکھنے کے بعد اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس فلم کا مواد بہت اچھا ہے، گرافکس بہت اعلیٰ معیار کی ہیں۔ اس کی کہانی میں کامیڈی ، گانے ، بھاگنے دوڑنے اور چیزوں کو چیس کرنے کے سینز بھی دکھائے گئے ہیں، یہ فلم ضرور کامیاب ہوگی۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ مجھے خوشی ہے کہ پاکستان میں پہلے تجربے میں بہت اچھی فلم بنی ہے، میری تمام نیک خواہشات اس منفرد کاوش کے ساتھ ہیں۔ مستقبل میں ہمیں اس کا بہت فائدہ ہوگا اور وقت کے ساتھ اس شعبے میں مزید جدت آئے گی۔ اُنہوں نے بتایا کہ ہماری 64 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر افراد پر مشتمل ہے جن میں اکثریت 20 سال سے بھی کم عمر ہیں، اس طرح کی فلمیں اگر کامیاب ہو جائیں تو اس سے بچوں کی موویز بنانے کا رجحان بڑھے گا۔ فواد چوہدری کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان کی حکومت اور وزارت اطلاعات فلموں کی پروڈکشن اور انٹرٹینمنٹ کے حوالے سے کی جانے والے تمام کوششوں کی حوصلہ افزائی کرے گی۔ نامور اداکار عدنان صدیقی نے کہا کہ میں دعویٰ کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ فلم کا ٹریلر دُنیا کی کسی فلم کے اسٹینڈرڈ سے کم نہیں۔ میں فلم کے ڈائریکٹر سمیت تمام اینی میٹرز کو بہت مبارکباد دیتا ہوں۔ اُن لوگوں نے بہت زیادہ محنت کی ہے۔ 13اکتوبر کو ریلیز ہونے والی فلم میں اپنے بچوں کے ہمراہ دیکھنے جاؤں گا۔ اُمید ہے کہ عوام کی بڑی تعداد اس فلم کو دیکھنے بچوں کے ساتھ آئے گی۔نامور اداکار علی خان نے کہا کہ ڈونکی کے حوالے سے بہت زبردست چیزیں سنی ہیں، فلم کا ٹریلر بہت اچھا ہے، فلم کے کردار بھی بہت دلچسپ لگ رہے ہیں، مجھے اُمید ہے عوام بڑی تعداد میں سنیما گھر آکر پاکستانی فلم کو سپورٹ کریں گے۔ گلوکار فاخر نے کہا کہ اس فلم کے گیت بہت پر کشش ہیں جو اب ہر کسی کو یاد ہوچکے ہیں، فلم کی اینی میشن کا معیار ہالی ووڈ کی کسی بھی فلم سے کم نہیں ہے۔ میں جیو ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں جنہوں نے اتنی زبردست مارکیٹنگ کی ہے کہ فلم کے گانے سب کو یاد ہوگئے ہیں۔ مجھے اب 13 اکتوبر کا شدت سے انتظار ہے جیسے ہی یہ فلم لگے گی سب انجوائے کریں گے۔

تازہ ترین