• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان نے مالی مدد کی باضابطہ درخواست کردی

پاکستان نے آئی ایم ایف سے مالی مدد کی باضابطہ درخواست کردی،پاکستان کی آئی ایم ایف سے قرضے کی یہ 13 ویں درخواست ہے۔

انڈونیشیا کے جزیرے بالی میں وفاقی وزیر خزانہ اسدعمر اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر طارق باجوہ سے ملاقات کے دوران ایم ڈی کرسٹین لاگارڈ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جانب سے امداد کے لیے باضابطہ درخواست موصول ہوگئی ہے، آئی ایم ایف کا وفد آئندہ ہفتوں کے دوران اسلام آباد جائےگا۔

ایم ڈی آئی ایم ایف نے کہا کہ وفد پاکستان میں آئی ایم ایف کے تعاون سے معاشی پروگرام کے لیے بات کرےگا۔

یاد رہے پاکستان نے مالیاتی بحران سے بچنے کے لیے عالمی مالیاتی فنڈ یعنی آئی ایم ایف سے مذاکرات کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیرِ خزانہ اسد عمر کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعظم نے پاکستانی ماہرینِ معاشیات سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا کہ ہمیں آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کی ابتدا کرنی چاہیے جس سے ہم اس معاشی بحران پر قابو پا سکیں۔

یہ بھی واضح رہے کہ انتخابات سے قبل تحریکِ انصاف آئی ایم ایف سے مالی مدد لینے کی شدید مخالفت کرتی رہی تھی اور وزیراعظم عمران خان نے بارہا اپنی تقاریر میں یہ بات کہی تھی کہ اگر وہ برسراقتدار آئے تو کبھی عالمی مالیاتی ادارے سے قرض کے لیے رجوع نہیں کیا جائے گا۔

تازہ ترین