• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی بڑی وجہ منشیات کو قرار دیتے ہوئے منشیات کے 30 بڑے اڈوں کی فہرست جاری کردی گئی ہے جن کے خلاف کراچی پولیس چیف ڈاکٹر امیرشیخ کی جانب سے فوری کریک ڈاؤن کے احکامات جاری کر دئیے گئے ہیں۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ نے تینوں زونز کے ڈی آئی جیز کو ان کے علاقوں میں منشیات کے اڈوں کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں فوری بند کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔

ڈی آئی جیز کو لکھے گئے خط میں ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ نے کہا ہے کہ جرائم پیشہ ملزمان اور منشیات فروشوں کے درمیان گہرا گٹھ جوڑ اور ہر جرم کے پیچھے منشیات کا استعمال پایا گیا۔

کراچی کے کالجز، یونیورسٹیز اور دیگر تعلیمی اداروں میں طلبا و طالبات بھی منشیات استعمال کر رہے ہیں، منشیات کے دھندے کے حوالے سے ایڈیشنل آئی جی کراچی کا کہنا ہے کہ منشیات معاشرے اور خاص طور پر نوجوان نسل کو تباہ کر رہی ہے۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی نے اپنے خط میں منشیات کے جن اڈوں کی نشاندہی کی ہے ان میں محمودآباد کے علاقے چنیسر گوٹھ میں منشیات کا بڑا اڈا سرفہرست ہے۔

فہرست میں شیریں جناح کالونی، سول لائنز میں ہجرت کالونی، کلاکوٹ لیاری میں بہار کالونی، ابراہیم حیدری کی ریڑھی گوٹھ، ناظم آباد میں سیف اللہ کا اڈہ، شاہراہ نور جہاں میں کوئلہ کڑاہی ڈی سلوا ٹاؤن، جمشید کوارٹر میں لسبیلہ چوک، لانڈھی میں مسلم آباد، ملیر سٹی منا بروہی اور قائدآباد میں منشیات کے اڈے شامل ہیں۔

سچل کے علاقے میں موسمیات کے قریب بلاول گوٹھ، پاک کالونی، منگھو پیر کے علاقے پختون آباد، عزیز بھٹی کے علاقے شانتی نگر اور ڈالمیا میں کالو کرنٹ کا منشیات کے اڈوں کی بھی نشاندہی کی گئی ہے۔

ایڈیشنل آئی جی ڈاکٹر امیر شیخ نے اپنے خط میں پی آئی بی کالونی میں عیسیٰ نگری اور سبزی منڈی کے قریب مینا کے منشیات کے اڈے، کورنگی میں زمان ٹاؤن میں منشیات فروشی، فریئر اور ڈیفنس تھانوں کی حدود کالاپل کے قریب ریلوے کالونی میں منشیات کا دھندے کی نشاندہی کی ہے۔

خط کے مطابق بلوچ کالونی کے علاقے میں جونیجو ٹاؤن اور اعظم بستی جبکہ ملیرکینٹ میں زکریا گوٹھ، گلشن معمار، سائٹ سپر ہائی وے کے علاقے دوست محمد جنجال گوٹھ، ڈاکس کی حدود مچھرکالونی، پیر آباد کے علاقے قصبہ کالونی ،مدینہ کالونی کے علاقے اتحاد ٹاؤن میں منشیات فروشوں کا راج ہے جبکہ شرافی گوٹھ کے علاقے خلدآباد، ملیر کے علاقے سعود آباد، مومن آباد، الآصف اسکوائر اور سہراب گوٹھ کے علاقے لاسی گوٹھ منشیات فروشوں کے دھندے کا بھی ختم تذکرہ کیا گیا ہے۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ نے تمام اڈے فوری طور پر بند کرا کر پولیس کو بدنامی سے بچانے کا حکم دیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق کے احکامات کی روشنی میں کراچی میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا جا رہا ہے۔

تازہ ترین