• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’شہری درخت لگائیں ، کچرا جگہ جگہ نہ پھینکیں‘‘

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نےکراچی میں گرین اینڈ کلین مہم کے آغاز کے موقع پر کہا کہ شہری درخت لگائیں اور کچرا جگہ جگہ نہ پھینکیں، کسی کے لیے اپنے گھر کے باہر جھاڑو دینا بے عزتی کی بات نہیں۔

صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے کراچی میں گرین اینڈ کلین مہم کا آغاز کر دیا۔اس موقع پر کورنگی کے علاقے میں صدر مملکت نے جھاڑو لگا کر شہر قائد میں مہم کا آغاز کیا۔

مہم سے خطاب میں صدر پاکستان کا کہنا تھا کہ حضور نے پیغام دیا صفائی نصاف ایمان ہے، ہر انسان کے لیے روحانی اور جسمانی پاکیزگی ضروری ہے۔ کچرے کو اس کی مقررکردہ جگہوں پر پھینکیں سڑکوں پر نہیں۔

عارف علوی نے کہا کہ وسیم اختر صاحب میری درخواست پر یہاں تشریف لائے۔ انہوں نے کہا کہ شہری درخت لگائیں اور کچرا جگہ جگہ نہ پھینکیں۔ کسی کے لیے اپنے گھر کے باہر جھاڑو دینا بے عزتی کی بات نہیں۔کوشش کروں گا حلقے میں پانی کی قلت کا مسئلہ حل کروا سکوں۔

میئر کراچی وسیم اختر بھی مہم میں شریک تھے، جبکہ صدر کی آمد کے موقع پرصوبائی رکن اسمبلی جمال صدیقی اور اہل علاقہ کو بھی تقریب کی جگہ سے دور روک دیا گیا جس پر اہل علاقہ شکوہ کرتے نظر آئے۔

واضح رہے کہ گرین اینڈ کلین کمپین کا اعلان وزیراعظم نے کیاتھا جس کا باقائدہ آغاز آج سے کراچی سمیت ملک کے دیگر شہروں میں کر دیا گیا ہے۔

تازہ ترین