• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’صحافی کے قتل میں سعودی حکومت ملوث ہوئی تو امریکا بہت ناراض ہوگا‘

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر ترکی میں سعودی صحافی کے قتل میں سعودی حکومت ملوث پائی گئی تو امریکا بہت ناراض ہوگا اور اس کی سزا دی جائے گی، سعودی عرب کو ہتھیاروں کی فروخت روکنا خود امریکا کو سزا دینا ہوگا۔

امریکی صدر نے کہا کہ سعودی عرب اب تک جمال خاشق جی کے قتل کے الزام کی تردید کر رہا ہے، خاشق جی امریکی ریزیڈنٹ اور واشنگٹن پوسٹ کے کالم نگار بھی ہیں۔

امکان ہے صدر ڈونلڈ ٹرمپ آج یا کل سعودی فرماں روا شاہ سلمان کو ٹیلی فون کریں گے اور صحافی کے معاملے پر بات چیت کی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ جمال خاشق جی دو اکتوبر کو استنبول میں سعودی قونصل خانے گئے تھے اور اس کے بعد سے لاپتا ہیں۔

دوسری جانب ترک حکام کا کہنا ہے کہ صحای کوقونصل خانے کے اندر قتل کر دیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور پادری اینڈریو برنسن کی ملاقات ہوئی، ملاقات کے دوران پادری نے ٹرمپ کی حکومت کے لیے دعائیں کیں، اسی موقع پر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امید یہی ہے کہ خاشق جی کو قتل نہیں کیا گیا لیکن اب ایسا کم لگتا ہے۔

واضح رہے کہ پادری اینڈریو برنسن کو ترکی میں دو سال نظر بندی کے بعد گزشتہ روز رہا کیا گیا تھا، پادری پر فتح اللہ گولن اور کرد باغیوں کی مدد کا الزام تھا، جس پر ٹرمپ نے ترک صدر طیب اردوان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام دونوں ملکوں کے تعلقات میں بہتری کا باعث بنے گا۔

تازہ ترین