• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آرنلڈ شوازنیگرکا خواتین کیساتھ نازیبا سلوک کا اعتراف، معافی مانگ لی

لاس اینجلس ( مانیٹرنگ ڈیسک) ہولی وڈ اداکار، سابق ویٹ لفٹر، سیاستدان، سماجی کارکن اور فلم ساز آرنلڈ شوازنیگر نے خواتین کے ساتھ نازیبا سلوک کا اعتراف کرتے ہوئے اپنے رویے پر معافی مانگ لی۔خیال رہے کہ 71 سالہ آرنلڈ شوازنیگر نے پروفیشنل ویٹ لفٹر اور باڈی بلڈر کے طور پر کیریئر کا آغاز کیا، بعد ازاں وہ اداکاری کے شعبے میں آئے۔آرنلڈ شوازنیگر پر باڈی بلڈنگ کے کیریئر کے دوران ہی خواتین کے ساتھ نازیبا سلوک اور جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات لگتے رہے، کئی خواتین نے ان پر بھری محفل اور لوگوں کے سامنے ہی جنسی طور پر چھونے کے الزامات لگائے۔اداکاری کے دوران پرکشش ہونے کی وجہ سے ان کے کئی اداکاراؤں کے ساتھ تعلقات بھی رہے اور متعدد خواتین نے ان پر ہراساں کرنے کے الزامات بھی عائد کیے۔آرنلڈ شوازنیگر نے 2003میں امریکی ریاست کیلی فورنیا کے گورنر کے 38ویں گورنر منتخب ہوئے۔گورنر کے انتخابات کے دوران بھی ان پر خواتین نے جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات لگائے، تاہم انہوں نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے اپنے خلاف سازش قرار دی۔تاہم اب پہلی بار اداکار اور سیاست دان نے اعتراف کیا ہے کہ وہ متعدد بار خواتین کے ساتھ سلوک اور رویہ اختیار کرنے کے دوران حدود پار کر گئے، جس پر انہیں افسوس ہے۔خبر رساں ادارے نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ آرنلڈ شوازنیگر نے ویب سائیٹ ‘مینز ہیلتھ’ کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں اعتراف کیا کہ انہوں نے خواتین کے معاملے میں متعدد بار اپنی حدود سے تجاوز کیا۔آرنلڈ شوازنیگر نے اپنے رویے پر شرمساری کرتے ہوئے تمام خواتین سے معافی بھی مانگی، ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ وہ ہی وہ پہلے شخص ہیں، جنہیں اپنے رویے پر شرمندگی ہے، اس لیے وہ متاثرہ خواتین سے معافی کے طلب گار ہیں۔آرنلڈ شوازنیگر نے کہا کہ جب وہ کیلی فورنیا کے گورنر بنے تو انہیں نے جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کے حوالے کورسز کروانے کا اہتمام کیا، تاکہ کبھی بھی کوئی کسی کو ہراساں نہ کر سکے۔سابق گورنر کے مطابق ان کی جانب سے متعارف کرائے گئے کورسز میں لوگوں کو بتایا گیا کہ جنسی طور پر ہراساں کیا جانا کیا ہے اور اس سے کیسے بچا جاسکتا ہے۔انٹرویو میں آرنلڈ شوازنیگر نے کہا کہ وہ ہمیشہ خواتین کے عزت کرتے آئے ہیں، وہ اپنی والدہ سمیت باہمت اور خوبصورت خواتین کو ہمیشہ عزت کی نگاہ سے دیکھتے آئے ہیں۔

تازہ ترین