• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا افغانستان سے فوج نکالنے پر رضامند ہو گیا ہے، طالبان کا دعویٰ

دوحہ(صباح نیوز)طالبان نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا نے افغانستان سے فوج نکالنے پر رضا مندی ظاہر کردی ہے،دوحہ دفتر میں امریکی حکام سے عمومی بات چیت ہوئی ، مستقبل میں مزید مذاکرات کا امکان موجود ہے ۔قطری حکومت کی فنڈنگ سے چلنے والے نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد اور طالبان رہنمائوں کے درمیان تازہ ملاقات کے دوران افغانستان میں 17 سال سے جاری جنگ کے خاتمے پر بات چیت کی گئی۔نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر طالبان حکام نے الجزیرہ کو بتایا کہ امریکا کے 6 رکنی وفد سے ملاقات کے دوران امریکی فوج کی افغانستان سے واپسی سمیت تمام مسائل کے حل پر اتفاق کیا گیا۔طالبان حکام کا کہنا ہے کہ امریکی وفد سے تفصیلی نہیں بلکہ عمومی بات چیت ہوئی اور مستقبل قریب میں مزید بات چیت کا امکان ہے۔قیام امن کے لیے طالبان کی جانب سے غیرملکی افواج کے انخلا سمیت رہنمائوں پر عالمی پابندی کا خاتمہ، گرفتار ساتھیوں کی رہائی اور سیاسی دفتر کا قیام شرائط میں شامل ہے۔یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نئی حکمت عملی کے تحت گزشتہ سال افغانستان میں امریکی فوجیوں کی تعداد میں اضافہ کردیا تھا اور اطلاعات ہیں کہ افغانستان میں صرف امریکی فوجیوں کی تعداد 14 ہزار ہے۔طالبان کی جانب سے اس سے قبل کئی بار کہا جاچکا ہے کہ غیرملکی افواج کی افغانستان میں موجودگی امن کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔

تازہ ترین