• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ سے 33 کمپنیوں کا ریکارڈ مانگ لیا،سوئٹزرلینڈ سے بات ہورہی ہے، معاون خصوصی وزیراعظم

اسلام آباد (نمائندہ جنگ)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کا کہنا ہے کہ برطانیہ سے 33کمپنیوں کا ریکارڈ مانگ لیا، سوئٹزرلینڈ سے بات ہورہی ہے۔ وزیراعظم کے خصوصی معاون برائے میڈیا افتخار درانی کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شہزاد اکبر نے کہا کہ کہ برطانیہ سے کرپشن کے مقدمات کھلوانے کا معاہدہ ہوچکا اور مقدمات کھلوانے کے لیے اگلے ہفتے برطانیہ جارہا ہوں ،دبئی میں موجود جائیدادوں کے مالک بعض پاکستانیوں نے ٹیکس ایمنسٹی اسکیم سے بھی استفادہ کیا ہے ، نیب اور ایف آئی اےتحقیقات کر رہے ہیں کہ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کو اپنے مفادات کے لیے تو نہیں استعمال کیا گیا،گزشتہ حکومت نے پانچ سال ضائع کر دیئے ، ملک میں سالانہ نو سے دس ارب ڈالر منی لانڈرنگ ہو رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کے معاملات اب ایف آئی اے تک محدود نہیں یہ جےآئی ٹی دیکھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوانی کے مقدمات کھلوانے اگلے ہفتے برطانیہ جارہے ہیں، برطانیہ کے ساتھ معاہدہ ہوچکا، نیشنل کرائم ایجنسی سے 33 کمپنیوں کی تفصیل مانگی ہے جب کہ اسحاق ڈار کی واپسی کیلئے برطانیہ سے درخواست کی ہے، برطانیہ سے ہمارا ملزمان کی واپسی یا منتقلی کا معاہدہ نہیں ہے جب کہ سوئس اکاؤنٹس میں 200 ارب ڈالر کا اسحاق ڈار ہی بتاسکتے ہیں۔

تازہ ترین