• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ضمنی انتخابات، امیدواروں کو عام انتخابات کے مقابلے میں بہت کم ووٹ ملے

لاہور (مقصود اعوان ) مسلم لیگ (ن)، پاکستان تحریک انصاف، مسلم لیگ (ق) اور ایم ایم اے سمیت دیگر پارٹیوں کے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کو عام انتخابات کے مقابلے میں بہت کم ووٹ ملے ہیں ۔لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ 124 سے مسلم لیگ ن کے شاہد خاقان عباسی 75012 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، ان کے مقابلے میں تحریک انصاف کے ناکام امیدوار غلام محی الدین دیوان کو 30115ووٹ ملے ہیں ۔عام انتخابات میں حمزہ شہباز نے ایک لاکھ 46 ہزار 294ووٹ لئے اور ان کے مدمقابل پی ٹی آئی کے امیدوار نعمان نصیر نے 80ہزار 961 ووٹ لئے، اس طرح اس حلقے میں مسلم لیگ (ن) کو71ہزار اور پی ٹی آئی کو 51ہزار ووٹ کم پڑے ہیں۔ این اے 131 میں 242 پولنگ سٹیشنوں کے موصولہ غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے خواجہ سعد رفیق 603052ووٹ لے کریہ نشست جیت چکے ہیں جبکہ پی ٹی آئی کے ہمایوں اختر خان 50155ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔ عام انتخابات میں این اے 131 لاہور سے پی ٹی آئی کے وزیراعظم عمران خان نے 84313ووٹ لے کر مسلم لیگ (ن) کے خواجہ سعد رفیق کو ہرایا تو انہوں نے 83633ووٹ لئے تھے۔ اب ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کے امیدوار ہمایوں اختر خان کو 40ہزار مسلم لیگ (ن) کے خواجہ سعد رفیق 31ہزار سے زائد ووٹوں کی کمی کا سامنا ہے۔ این اے 243کراچی سے پی ٹی آئی کے عالمگیر 35ہزار 727ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، عام انتخابات میں وزیراعظم عمران خان اس حلقے سے 91358ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے، ان کے مقابلے میں ناکام امیدواروں میں ایم کیو ایم کے سید علی رضا کو 24082 اور پیپلزپارٹی کی شہلا رضا کو 10631 ووٹ ملے تھے۔ این اے 69گجرات سے مسلم لیگ (ق) کے چودھری مونس الٰہی 61ہزار 226ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، ان کے مدمقابل مسلم لیگ (ن) کے عمران ظفر ناکام رہے ۔عام انتخابات میں اس حلقے سے چودھری پرویزالٰہی ایک لاکھ 22ہزار 336ووٹ لے کر کامیاب ہوئے اور ان کے مقابلے میں مسلم لیگ(ن) کے ناکام امیدوارچوہدری مبشر حسین49 ہزار295 ووٹ لے سکتے تھے۔ این اے 63 راولپنڈی سے پاکستان تحریک انصاف کے منصور حیات خاں 66ہزار42ووٹ لے کر کامیاب ہوئے ہیں، ان کے مقابلے میں مسلم لیگ(ن) کے عقیل ملک 40ہزار ووٹ لے کر ناکام رہے ۔ عام انتخابات میں اس حلقے سے پی ٹی آئی کے غلام سرور خاں کو ایک لاکھ 58 اور ان کے مقابلے میں مسلم لیگ(ن) کے ناکام امیدوار ممتاز خاں کو 22966 اور آزاد امیدوار چودھری نثار علی 65767 ووٹ ملے تھے۔ این اے 56اٹک سے مسلم لیگ(ن) کے ملک سہیل خاں ایک لاکھ15ہزار273ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، ان کے مقابلے میں پاکستان تحریک انصاف کے ملک خرم خاں کو 80092ووٹ ملے۔ عام انتخابات میں اس حلقے سے پاکستان تحریک انصاف کے میجر(ر) طاہر صادق نے ایک لاکھ 16ہزار 325ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی تھی اس کے مقابلے میں مسلم لیگ(ن) کے ملک سہیل خاں 99ہزار404ووٹ لیے تھے۔ اس طرح مسلم لیگ(ن) کو ضمنی انتخابات میں عام انتخابات کے مقابلے میں16ہزار زیادہ اور پی ٹی آئی کے امیدواار کو 36ہزار ووٹ کم ملے ہیں۔این اے65 چکوال سے مسلم لیگ(ق) کے چودھری سالک حسین ایک لاکھ648ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، ان کے مقابلے میں تحریک لبیک کے محمد یعقوب 31942ووٹ لے سکے۔ عام انتخابات میں مسلم لیگ(ق) کے چودھری پرویز الٰہی نے ایک لاکھ 57ہزار 487ووٹ لیے اور مسلم لیگ(ن) کو ایک لاکھ 6ہزار ووٹ لے کر ناکام ہوئے تھے اس حلقے میں مسلم لیگ(ن) کے امیدوار ملک فیض محسن آخری لمحے میں الیکشن سے دستبردار ہو گئے تھے۔

تازہ ترین