• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودی عرب نے جامعہ کشمیر کیلئے ایک ارب 30کروڑ روپے کا میگاپراجیکٹ منظور کرلیا

مظفرآباد ( نمائندہ جنگ)سعودی حکومت کی طرف سے آزاد کشمیر یونیورسٹی کے لیے ایک ارب تیس کروڑ کے میگا پراجیکٹ کی منظوری کے بعد ایم او یو پر دستخط کر دئیے گئے، یونیورسٹی کے14 شعبہ جات کیلئے ایڈمنسٹریٹریشن بلاک طلبہ و طالبات کے چھ ہاسٹلز،مسجد و دیگر عمارات بنائی جائینگی،حکومت پاکستان اور پاکستان کے دورہ پر آئے سعودی وفد نے اسلام آباد میں معاہدے پر دستخط کئے ۔تفصیل کے مطابق چھتر کلاس کیمپس میں سعودی حکومت کے تعاون سے یونیورسٹی کے چودہ شعبہ جات کے لیے بلڈنگز، ایڈمنسٹریٹریشن بلاک، کیفے ٹیریا، طلبہ و طالبات کے چھ ہاسٹلز، مسجد اور دوسری عمارات تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں،ترکی کی کمپنی ’’سیاہ قلم‘‘ نے یہ کیمپس مارچ ، اپریل 2019 تک مکمل کر کے یونیورسٹی کے حوالہ کریگی،وائس چانسلر جامعہ کشمیر پروفیسر ڈٓکٹر کلیم عباسی نے اس حوالے سےبتایا کہ کنگ عبداللہ کیمپس کی تعمیر کے بعد طلبہ کو پریکٹیکل ٹریننگ، فیکلٹی ممبران کو ریسرچ کی سہولیات مہیا کرنا اور کوالٹی ایجوکیشن کیلئے اس پراجیکٹ کا حصول ناگزیر تھا، کیمپس کی تعمیر اور اس میگا پراجیکٹ کا حصول ہماری اولین ترجیح رہی ہے، انہوں نے بتایا کہ اس پراجیکٹ کے حصول اور جدید لیبارٹریز کے قیام کے بعد اگر ہمارے اساتذہ نے محنت کی تو کیمپس کوپاکستان کی جامعات کا ایک ماڈل کیمپس بنایا جا سکتا ہے، وائس چانسلرنے مزید کہا کہ کنگ عبداللہ کیمپس میں طلبہ کیلئے گرائونڈ ،فیکلٹی کیلئے رہائش اور دیگر اہم ضرورریات کیلئے ہم حکومت آزادکشمیر کی مدد حاصل کرینگے، انہوں نے اس عظیم کاوش کیلئے صدر آزادکشمیر اور سعودی حکومت کو خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے بتایا کہ اپنی نوعیت کا یہ میگا پراجیکٹ یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات جیالوجی، آرٹ اینڈ ڈیزائن، بائیو ٹیکنالوجی، باٹنی، کیمسٹری، کمپیوٹر سائنسز، الیکٹریکل انجینئرنگ، ہیلتھ اینڈ میڈیکل سائنسز، فزکس، سائٹ وائیر انجینئرنگ، زوالوجی اور انگلش کے لیے لیبارٹریز میں امپورٹڈ ایکوپمنٹ کی فراہمی کے لیے تیار کیا گیا ہے اور اس میں عالمی مارکیٹ میں موجود جدید امپورٹڈ ایکوپمنٹ شامل کیے گئے ہیں۔ ایم او یو کی شرائط کے مطابق سعودی حکومت 37.5ملین سعودی ریال جو کہ پاکستانی کرنسی میں ایک ارب تیس کروڑ روپے بنتی ہے،حکومت پاکستان کو گرانٹ کی صورت ادا کر ے گی۔
تازہ ترین