حضرت بہائوالدین زکریا کےتین روزہ عرس کا آغاز آج سے ملتان میں ہورہا ہے۔
برصغیر کے معروف صوفی بزرگ شیخ اسلام حضرت بہائوالدین زکریا سہروردی علیہ رحمہ کا 779 واں تین روزہ عرس ملتان میں شروع ہو رہا ہے۔ درگاہ کے سجادہ اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی درگاہ کو غسل دیکر عرس کی تقریبات کا آغاز کریں گے۔
شیخ اسلام حضرت بہائوالدین زکریا تحصیل کہروڑ میں 27 رمضان المبارک 566 ہجری کو پیدا ہوئے، دینی تعلیم کے لیے12 سال کی عمر میں ہی خراسان، مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ کا سفر کیا۔
حضرت بہائوالدین زکریانے ملتان میں ایک عظیم درسگاہ قائم کی، آپکی دینی تعلیمات اور خدمات کی وجہ سے برصغیر میں اسلام پھیلا ہے۔ آج بھی زائرین کی بڑی تعداد آپ کی درگاہ پر حاضری دینے آتی ہے۔
حضرت بہائوالدین زکریا معروف روحانی بزرگ شہاب الدین سہروردی کے دست بعیت ہوئے اور ان کےحکم پر برصغیر میں رشد و ہدایت کا کام کیا۔
علماء و مشائخ کے مطابق حضرت بہائوالدین زکریا کی تعلیمات میں مذہبی رواداری، اخوت اور بھائی چارہ کا درس ملتا ہے۔