• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعد رفیق اور سلمان رفیق کی عبوری ضمانت منظور

لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ نون کے رہنماوں خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کی عبوری ضمانت منظور کرلی ہے اور انہیں گرفتار کرنے سے روک دیا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کی درخواست پر سماعت کی جس سلسلے میں دونوں بھائی عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق نے عدالت میں مؤقف اپنایا کہ وہ نیب کے ساتھ مکمل تعاون کررہے ہیں جبکہ نیب انہیں ہراساں کررہی ہے اور گرفتار کرناچاہتی ہے، ان پر جو الزامات ہیں اس سے متعلق نیب میں تمام ریکارڈ فراہم کردیا ہے۔

سعد رفیق کے وکیل کا کہنا ہے کہ نیب لوگوں کوانکوائری کےلیے بلاتاہے اورگرفتارکر لیتا ہے۔

درخواست گزاروں نے استدعاکی ہے کہ نیب نےانہیں 16 اکتوبر کو طلب کیا ہےاور خدشہ ہے کہ انہیں غیر قانونی طور پر گرفتار کیا جاسکتا ہےلہذا نیب کوممکنہ گرفتاری سےروکاجائے۔

عدالت نے درخواست گزاروں کا مؤقف سننے کے بعد ان کی ضمانت قبل از وقت گرفتاری منظور کرتے ہوئے نیب کو 24 اکتوبر تک گرفتار کرنے سے روک دیا۔

واضح رہے خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کے خلاف نیب میں پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کی تحقیقات جاری ہیں اور اس میں ممکنہ گرفتاری سے بچنے کے لیےانہوں نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی جسے عدالت نے مسترد کرتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کی تھی۔

تازہ ترین