• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ابوظہبی، آسٹریلین ٹیم کے بلند حوصلے پاکستان کیلئے چیلنج، دوسرے ٹیسٹ کا آج سے آغاز

ابوظہبی (جنگ نیوز) آسٹریلوی کپتان ٹم پین نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ان کی ٹیم پاکستان کے خلاف دوسرا ٹیسٹ جیتنے کی بھرپور کوشش کرے گی۔ کینگروز کے حوصلے دبئی ٹیسٹ مشکل صورتحال میںڈرا کرنے کے بعد بہت بلند اور ہوم ٹیم گرین کیپس کیلئے چیلنج ہوں گے۔ آسٹریلیا نے ایشیا میں2011سے کوئی ٹیسٹ سیریز نہیں جیتی ہے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ منگل سے شیخ زائد اسٹیڈیم میں شروع ہورہا ہے۔ دبئی میں پہلا ٹیسٹ زبردست مقابلے کے بعد ڈرا ہوا تھا۔ عثمان خواجہ نے کیریئر کی بہترین اننگز141رنز کھیلتے ہوئے آسٹریلیا کو یقینی سے شکست سے بچایا۔ گرم موسم اور مختلف پچ پر2011میں آسٹریلیا نے ایشیا میں سری لنکا کو ایک صفر سے شکست دی تھی۔ سری لنکا کے خلاف اس کامیابی کے بعد آسٹریلیا کو2013 میں بھارت کے ہاتھوں چار صفر2014 میں پاکستان کے ہاتھوں امارات میں دو صفر2016 میں سری لنکا کے ہاتھوں تین صفر2017میں بھارت کے ہاتھوں دو ایک سے شکست ہوئی تھی۔ گذشتہ سال بنگلہ دیش کے خلاف سیریز ایک ایک سے برابر ہوئی تھی۔ پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ کے لئے بارہ کھلاڑیوں کو اعلان کردیا ہے۔ امام الحق ان فٹ ہونے کی وجہ سے باہر ہوگئے ہیں۔ وہاب ریاض کو ان کی خراب فارم کی وجہ سے ڈراپ کیا گیا ہے۔ توقع ہے کہ پاکستان اوپنر فخر زمان اور فاسٹ بولر میر حمزہ کو ٹیسٹ کیپ دے گا ۔ دو سال پہلے قائد اعظم ٹرافی فائنل کے بعد فخر زمان نے دو فرسٹ کلاس میچوں میں شرکت کی ہے۔ قائد ٹرافی کے فائنل میں170ناٹ آئوٹ رنز بنائے تھے۔ لیگ اسپنر شاداب خان کا نام بھی بارہ کھلاڑیوں میں شامل ہے ۔ وہ بارہویں کھلاڑی ہوں گے۔ آسٹریلیا نے پہلے ٹیسٹ والی ٹیم کو برقرار رکھا ہے۔ پاکستان ٹیم گذشتہ دس سال سے متحدہ عرب امارات میں ٹیسٹ سیریز کھیل رہی ہے اسے واحد شکست گذشتہ سال سری لنکا کے ہاتھوں ہوئی تھی۔ سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ہمیں ڈرا ٹیسٹ کے بعد کسی قسم کا کوئی خوف نہیں ہے۔ آسٹریلیا کے خلاف اچھا کھیل کر ٹیسٹ اور سیریز اپنے نام کرنا چاہتے ہیں۔ مجھ پر کپتانی کا کوئی دبائو نہیں ہے۔ ہم اچھا کھیلے لیکن وکٹ نہ گرنے سے مشکل پیش آئی۔میچ میں بھارت کے سندرم روی اورانگلینڈ کے رچرڈ النگ ورتھ امپائر ہوں گے جبکہ رچرڈ کیٹل برا ٹی وی امپائر ہوں گے۔ سری لنکا کے رانجن مدو گالے میچ ریفری ہوں گے۔ 

تازہ ترین