• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کپتان سرفراز اور کوچ کو چیئرمین کرکٹ بورڈ کی ورلڈکپ تک حمایت

کراچی (عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) ورلڈ کپ سے سات ماہ قبل پاکستان کرکٹ بورڈ نے کپتان سرفراز احمد اور ہیڈ کوچ مکی آرتھرکو تبدیل کرنے سے انکار کردیا ہے۔ احسان مانی نے کپتان اور کوچ کو پیغام بھجوایا ہے کہ بورڈ میں انتظامی تبدیلی کے بعد ٹیم میں چھیڑ چھاڑ نہیں کی جا ئے گی۔البتہ دونوں کو کہا گیا ہے کہ وہ ٹیم کی کارکردگی میں بہتری لانے کے لئے کوششیں جاری رکھیں۔پی سی بی نے مکی آرتھر کا تقرر آئندہ سال ورلڈ کپ تک کیا ہوا ہے۔ تاہم بورڈ نے ابوظہبی ٹیسٹ سے قبل ہیڈ کوچ مکی آرتھر کو واضح پیغام دیا ہے کہ وہ ڈریسنگ روم کی کہانیاں میڈیا میں لانے اور ٹیم کا ماحول خراب کرنے سے گریز کریں۔ ایسے وقت میں جبکہ کپتان سرفراز احمد کی فارم پر ان پر تنقید ہورہی ہے۔ اور منگل سے آسٹریلیا کے خلاف دوسرا ٹیسٹ شروع ہورہا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے سرفراز احمد کو بھرپور حمایت کا یقین دلایا ہے۔ احسان مانی منگل کی صبح آئی سی سی اجلاس کے لئے لاہور سے سنگاپور روانہ ہوگئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ احسان مانی نے سرفراز احمد اور مکی آرتھر کو یقین دلایا ہے کہ انہیں تبدیل کرنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے اس لئے دونوں اپنی کرکٹ پر توجہ دیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی ہدایت پر منیجر طلعت علی ملک نے مکی آرتھر سے رابطہ کیا اور انہیں یاد دلایا کہ وہ غیر ضروری بیان دے کر ڈسپلن کی خلاف ورزی کے مرتکب ہورہے ہیں۔ مکی آرتھر نے وضاحت دی کہ ان کا بیان سیاق و سباق سے ہٹ کر تھا۔ میری ادھوری بات دی گئی جس سے غلط تاثر سامنے آیا۔ پی سی بی کے ڈائریکٹر ذاکر خان نے بھی مکی آرتھر کو سمجھایا کہ وہ غیر ضروریبیانات نہ دیں ۔

تازہ ترین