• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نجی کرکٹ لیگز کیلئے منظوری کا حصول مشکل بنانے کی تیاری

سنگاپور ( جنگ نیوز ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا اجلاس منگل سے سنگاپور میں شروع ہورہا ہے۔ اس دوران شرکا کے سامنے سب سے اہم نکات محدود اوورز کی نجی لیگز پر نظر اور انہیں کرپشن سے محفوظ رکھنے کے اقدامات ہوں گے۔ ان ایونٹس کیلئے آئی سی سی سے منظوری کا حصول مشکل بنادیا جائے گا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ٹی 20 اور اب ٹی 10 لیگز کی بھرمار نے عالمی تنظیم کو تشویش میں مبتلا کردیا ہے۔ ان کی کڑی جانچ آئی سی سی کیلئے اہم سوال بنی ہوئی ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے جنرل منیجر کرکٹ جیف الرڈائس تسلیم کرتے ہیں کہ لیگز کی بہتات نے کھیل کو خطرات سے دوچار کیا ہے۔ اجلاس کے دوران ان لیگز کی اجازت اور منظوری کے ساتھ کھلاڑیوں کو ریلیز کرنے کیلئے قوانین بات چیت کا اہم حصہ ہوں گے۔ ہمیں دیکھنا ہوگا کہ لیگ کی ملکیت کا ڈھانچہ کیسا ہے،اس میں کس طرح فنڈنگ کی جارہی ہے اور اس سے متعلق تمام ضروری دستاویزات کی بغور جانچ کے بعد ہی اجازت نامہ دیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ منظوری کیلئے آئی سی سی کے علاوہ میزبان ملک کی بھی حمایت پوری طرح درکار ہوگی۔ میٹنگ میں آئندہ برس مجوزہ پہلی عالمی ٹیسٹ چیمپئن شپ کی پلیئنگ کنڈیشنز پر بھی غور کیا جائے گا۔

تازہ ترین