• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تازہ ترین پارٹی پوزیشن،قومی اسمبلی میں تحریک انصاف155،ن لیگ کی 85نشستیں ہوگئیں

اسلام آباد( طاہر خلیل آسیہ انصر)ضمنی انتخابات کےنتائج مکمل ہونے کے بعد حکمران جماعت تحریک انصاف کی قومی اسمبلی میں نشستیں 151 سے بڑھ کر 155 ہو گئیں، مسلم لیگ ن کی 4 نشستوں پر جیت کے بعد قومی اسمبلی میں ارکان کی تعداد 85 ہو گئی۔ قومی و صوبائی اسمبلیوں کے 34حلقوں کے نتائج کے مطابق حکمران جماعت تحریک انصاف نے قومی اسمبلی کی 4 اور صوبائی اسمبلیوں کی 11نشستیں ،مسلم لیگ ن نے قومی اسمبلی کی 4 اور صوبائی اسمبلیوں کی 7 نشستیں حاصل کر لیں،مسلم لیگ ق نے قومی اسمبلی کی 2 ،متحدہ مجلس عمل نے 1 نشست جیتی ۔ عوامی نیشنل پارٹی نے کے پی کے اسمبلی میں 2 ، پیپلز پارٹی نے سندھ اسمبلی میں 2 اور بی این پی نے بلوچستان اسمبلی میں ایک نشست حاصل کی۔آزاد امید واروں نے پنجاب اسمبلی میں 2 اور بلوچستان اسمبلی میں ایک نشست حاصل کی ہے ۔ ضمنی انتخابات کے نتائج کے بعد قومی اسمبلی میں نئی پارٹی پوزیشن اب کچھ یوں ہے۔ حکمران جماعت تحریک انصاف کی نشستیں 151 سے بڑھ کر 155 ہو گئیں ، حکومتی اتحاد ی جماعت مسلم لیگ ق کی نشستیں 3 سے بڑھ کر 5 ہو گئیں ، اپوزیشن جماعتوں میں مسلم لیگ ن کی نشستیں 81 سے بڑھ کر 85 ، اور متحدہ مجلس عمل کی 15 سے بڑھ کر 16 ہو گئی ہیں،حکومتی اتحاد کی اب قومی اسمبلی میں کُل تعداد 181 ہے ۔ اپوزیشن کی کُل تعداد 156 بنتی ہے ۔ اب قومی اسمبلی میں صرف ایک نشست این اے 247 کراچی کی خالی ہے جس پر 21 اکتوبر کو ضمنی الیکشن ہونا ہے ۔یہ نشست ڈاکٹر عارف علوی نے صدر مملکت بننے کی وجہ سے خالی کی تھی۔
تازہ ترین