• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چین کرپشن کیخلاف پاکستان کیساتھ ہے،آئی ایم ایف میں بھی مدد کرینگے،امریکا کی طرف سے سی پیک کو پاکستان کی معاشی خرابی کا ذمہ دار قرار دینا غلط، چین

بیجنگ(مانیٹر نگ سیل،خبر ایجنسیاں ) چینی دفتر خارجہ کے ترجمان لوکانگ نے کہا ہےکہ امریکاکی طرف سے سی پیک کو پاکستان کی معاشی خرابی کا ذمہ دار قرار دینا غلط ہے، چین سی پیک منصوبوں کی توسیع اور پاکستانی وسائل کی بنیاد پر ترقی کا خواہاں ہے،اسلام آبادسے جاری اعداد و شمار کے مطابق سی پیک قرضے معاشی بحران کی وجہ نہیں،آئی ایم ایف قرض کی منظوری سے پاک چین تعلقات پر کچھ فرق نہیں پڑے گا،آئی ایم ایف میںبھی مدد کرینگے۔بیجنگ میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان لو کانگ نے کہا کہ پاکستان کے معاشی بحران کی وجہ چینی قرضے کو قرار دینے کا امریکی الزام درست نہیں، سی پیک دو حکومتوں کے درمیان طے پانے والا تجارتی معاہدہ ہے جس میں شامل تمام منصوبے اور مالی معاملات دونوں ممالک نے باہمی رضامندی سے طے کیے ہیں۔لو کانگ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کی جانب سے جاری کیے اعداد و شمار سے بھی ثابت ہوتا ہے کہ سی پیک قرضے معاشی بحران کی وجہ نہیں، کیونکہ وہ اتنے زیادہ نہیں کہ معاشی بحران پیدا ہوجائے اور اس حوالے سے مزید تفصیلات متعلقہ حکام کی جانب سے میڈیا کو فراہم کردی جائیں گی۔ترجمان چینی دفتر خارجہ نے کہا کہ چین آئی ایم ایف کا رکن ہے اور اس حیثیت سے ہماری خواہش ہے کہ پاکستان کے معاشی بحران کے حل کے لیے اُٹھائے گئے ہر اقدام کے لیے آئی ایم ایف کی مدد و معاونت کریں، پاکستان کے لیے آئی ایم ایف کے قرض کی منظوری سے پاک چین تعلقات پر کچھ فرق نہیں پڑے گا۔

تازہ ترین