• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسٹاک مارکیٹ پھر کریش، سوا کھرب کا نقصان، ڈالر 1.43 روپے مزید مہنگا

کراچی ( اسٹاف رپورٹر/ایجنسیاں)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں غیر ملکی سرمائے کے بڑے پیمانے پر انخلاء سے مقامی سرمایہ کار بھی بے یقینی کا شکار رہے ،نئےکاروباری ہفتے کے آغاز پربھی شدید مندی رہی، مارکیٹ کریش ہوئی جس سے سوا کھرب روپے کا نقصان ہوا،100 انڈیکس 750 پوائنٹس کی مزید کمی سے گزشتہ ڈھائی سال کی کم ترین سطح 36700 پوائنٹس پر آگیا،مندی کے نتیجے میں سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت میں 127ارب 54کروڑ کی کمی ہوئی ،کاروباری حجم گزشتہ روز کی نسبت 22.22 فیصد زائدجبکہ 72.50 فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔بازار حصص میں کاروبار کا آغاز منفی زون ہوا، ابتدا میں ہی 100 انڈیکس میں 60 سے زائد پوانٹس کی کمی ہوئی، بعد ازاں فروخت کے دباو کی وجہ سے مارکیٹ میں شدید مندی کا رجحان غالب آگیا۔چند ہفتہ پہلے 42 ہزار کی سطح پر ٹریڈنگ کرنے والا بازار حصص پیرکو 36 ہزار کی سطح پر آ گیا ۔ رواں ماہ یہ دوسرا موقع تھا کہ جب مارکیٹ شدید مندی کی لپیٹ میں آئی۔کاروبار کے دوران ایک وقت میں مارکیٹ میں 1241 پوانٹس تک کی کمی ہوئی اور انڈیکس 36276.35 کی سطح تک گر گیا۔ اس کے بعد مارکیٹ میں قدرے ریکوری دیکھی گئی۔

تازہ ترین