• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

”ڈونکی کنگ “:باکس آفس کے ریکارڈ پاش پاش، 3کروڑ سے زائد آمدنی

کراچی (محمد ناصر) پاکستان کی سب سے بڑی اور جیو کی پہلی اینی میٹڈ فلم ”دی ڈونکی کنگ“ نے ریلیز ہوتے ہی تمام اینی میٹڈ فلموں کے باکس آفس ریکارڈ پاش پاش کردیئے ہیں۔ بچوں اور بڑوں میں یکساں مقبول فلم نے صرف اتوار کے روز ایک کروڑ 35 لاکھ روپے کا ریکارڈ بزنس اپنے نام کیا۔ ” دی ڈونکی کنگ“ نے اوپننگ ویک اینڈ پر تین کروڑ روپے کا تاج اپنے سر سجا کر باکس آفس پر دھوم مچا رکھی ہے۔ ملک بھر کے سنیما گھروں میں سپر ہٹ فلم کی کامیاب نمائش جاری ہے، 9 سے 99 برس کی عمر کے افراد بڑی تعداد میں اپنی فیملی کے ہمراہ آئندہ ہفتوں کی ایڈوانس بکنگ کرانے سینما گھروں کا رُخ کررہے ہیں اور سنیما گھرو ں کے باہر ٹکٹ خریدنے والوں کی لمبی قطاریں نظر آرہی ہیں۔ فیس بُک اور یو ٹیوب پر فلم کے گانوں، ٹریلر اور ٹیزرز نے بھی ایک کروڑ سے زائد ہٹس حاصل کرلئے ہیں۔ ٹاک آف دی ٹاؤن ہر بچے کی زبان پر ”ڈونکی کنگ، ڈونکی کنگ ، منگو راجہ، منگوراجہ“ کا ترانہ ہے۔ طنز و مزاح، شیر اور گدھا، بہترین موسیقی، عالمی معیار کی اینی میشن ، شاندار صداکاری اور دِل چھو لینے والی گلوکاری کو بڑے پردے پر دیکھنے کے بعد کسی کو اپنا آپ نظر آیا، کسی کو اپنا بچپن یاد آیا، کسی کو اپنے سامنے کے حالات نظر آئے۔ یہ فلم سلیبریٹیز اور اُن کے پرستاروں کی بھی پہلی پسند بن گئی ہے۔ پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ اداکار، گلوکار، ہدایتکار علی ظفر نے بھی دی ڈونکی کنگ کی دِل کھول کر تعریف کی اور اس شاندار فلم کو تخلیق کرنے والے تمام لوگوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے عوام اور پرستاروں سے درخواست کی ہے کہ سب لوگ انٹر ٹینمنٹ سے بھر پور فلم اپنے بچوں کے ہمراہ دیکھنے سنیما گھر ضرور آئیں ۔ دوسری جانب معروف اداکار فہد مصطفی نے ”ڈونکی کنگ“ کا تاج پہن کر پوری فیملی کے ساتھ یہ فلم دیکھی جس کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔ فلم دیکھنے کے بعد ہنستے مسکراتے سینما گھروں سے باہر نکلنے والے ننھے فلم بینوں کا کہنا تھا کہ ”ڈونکی کنگ “ دُنیا کی سب سے اچھی فلم ہے۔

تازہ ترین