• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معاشی حالات ٹھیک کرنے کیلئے آئندہ دو تین ماہ مشکل ہونگے،شفقت محمود

کراچی (ٹی وی رپورٹ) وفاقی وزیر برائے تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ نواز شریف ملک اور معیشت کو بری طرح برباد کر کے گئے ہیں، معیشت کی بحالی کیلئے ضروری اقدامات کیے ورنہ ڈیفالٹ کرجاتے، عمران خان وزیرخزانہ اسد عمر سے ناراض نہیں ہیں، ن لیگ جو حالات چھوڑ کر گئی اس میں آئی ایم ایف کے پاس جانا مجبوری بن گیا ،معاشی حالات ٹھیک کرنے کیلئے آئندہ دو تین ماہ مشکل ہوں گے، یونیورسٹی اساتذہ کی تذلیل برداشت نہیں کی جائے گی۔وہ جیوکے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں ن لیگ کے رہنما سینیٹر مصدق ملک اور عوامی نیشنل پارٹی کی رہنما ثمر ہارون بلور بھی شریک تھیں۔ثمر ہارون بلور نے کہا کہ پی ٹی آئی کے تبدیلی کے جھوٹے دعوؤں اور مہنگائی بم کی وجہ سے پشاور میں تاریخی نتیجہ آیا ہے،دہشتگردی سے متاثرہ خاندانوں کیلئے آواز اٹھاؤں گی ،عورتوں کو ووٹ کے حق سے محروم کرنے کا فیصلہ مردانہ جرگوں میں ہوتا ہے۔مصدق ملک نے کہا کہ پی ٹی آئی سے حکومت نہیں چل رہی تو ہمیں واپس کردے، الیکشن کمیشن کو کارکردگی بہتر کرنی چاہئے، الیکشن کمیشن کو مضبوط کرنے کے ساتھ تبدیلی بھی لانی ہوگی، حکومت قانون سازی کیلئے سنجیدہ ہے تو اسمبلی میں تلخی کا ماحول کم کرنا ہوگا، حکومت پارلیمان میں جیسی زبان بول رہی ہے اس کی مثال نہیں ملتی ،سیاسی نوک جھونک جمہوریت کا حسن ہے۔شفقت محمود نے کہا کہ نواز شریف جو حالات چھوڑ کر گئے پی ٹی آئی انہیں بدلے گی، ضمنی انتخابا ت میں ایک دو جگہ سیٹ بیک ضرور ہوا لیکن مجموعی طور پر کارکردگی اچھی رہی، لاہور میں خواجہ سعد رفیق 2013ء میں بھی جیتے تھے، 2018ء میں عمران خان اپنی شخصیت کی وجہ سے انہیں ہرانے میں کامیاب رہے،ضمنی انتخابات میں سیاسی لوگوں کو انتخابی مہم چلانے کی اجازت نہ ہونا عجیب بات ہے، پی ٹی آئی کے تقریباً عہدیدار حکومت میں ہیں اس لئے ہمارے پاس انتخابی مہم چلانے والا کوئی نہیں تھا۔شفقت محمود نے کہا کہ ن لیگ نے ٹیکس نیٹ بڑھانے کے بجائے قرضے لینے شروع کردیئے، 60سال میں پاکستان پر چھ ہزار ارب ڈالر قرضہ تھا جو پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے دور میں تیس ہزار ارب ڈالر ہوگیا، پاکستان کی تاریخ میں آج تک گیس کمپنیاں خسارے میں نہیں گئیں، ن لیگ کی حکومت میں گیس کمپنیوں کا 170ارب کا خسارہ ہوگیا، ن لیگ نے ایل این جی میں بے تحاشا لوٹ مار کی۔عمران خان ایماندار آدمی ہیں کوئی لوٹ مار نہیں ہوگی، آئندہ چھ مہینے میں تبدیلی ہوتی نظر آئے گی۔ ثمر ہارون بلور نے کہا کہ مجھے شہید ہارون بلور کا ووٹ ملا ہے، پارٹی کارکنوں کے اصرار پر الیکشن میں حصہ لیا، میری انتخابی مہم میرے بیٹے دانیال بلور اور اے این پی کے کارکنوں نے چلائی، متحدہ اپوزیشن کی امیدوار تھی مجھے پیپلز پارٹی، ن لیگ اور ایم ایم اے کی بھی حمایت حاصل تھی،میری انتخابی مہم میں خواتین نے بھرپور انداز میں حصہ لیا۔سینیٹر مصدق ملک نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو کارکردگی بہتر کرنی چاہئے۔
تازہ ترین