• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی، مردے کے نام پر بھی بینک اکائونٹ نکل آیا

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) منی لانڈرنگ کیس میں فالودے والے اور رکشے والے کے بعد مردے کے نام پر بھی بینک اکاؤنٹ نکل آیا۔ ذرائع کے مطابق کراچی کے رہائشی اقبال آرائیں نامی شخص کے نام پر ایک اکاؤنٹ سامنے آیا ہے اور اقبال آرائیں انتقال کرچکے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہےکہ اقبال آرائیں کا انتقال 9 مئی 2014 کو ہوا اور ان کی تدفین کراچی کے سخی حسن قبرستان میں کی گئی۔ ذرائع نے بتایا کہ اقبال آرائیں کے انتقال کے بعد مرحوم کے نام پر سندھ بینک سمیت تین مختلف بینکوں میں اکاؤنٹ کھولے گئے جن سے اربوں روپےکی ٹرانزیکشنز کی گئیں۔ذرائع کے مطابق مرحوم اقبال آرائیں کے نام سے بینک اکاؤنٹس سے 4 ارب 60 کروڑ روپے کی ٹرانز یکشن ہوئی ہیں۔دریں اثناءسیالکوٹ کے رہائشی مذاکر شاہ نامی محنت کش کےلاہور کے 2نجی بنکو ں میں مزید 2اکائونٹس کا انکشاف ہو ا ہے جن کےذریعے سوات اور کراچی کے مختلف بنکو ں میں کروڑوں روپے کی ٹرانزیکشن ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ سیالکوٹ کے مذاکر شاہ نے اپنے اکائونٹس کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس نے اپنے اکائونٹس کے سلسلے میں ایف آئی اے کو درخواست دی تھی مگر انہوں نے کوئی توجہ نہ دی گئی جس پر شبہ ہے ایف آئی اے بھی اس معاملے میں ملوث ہو سکتی ہے۔
تازہ ترین