• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ضمنی انتخابی نتائج میں تبدیلی کاامکان، اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ شامل کرنے کافیصلہ

اسلام آباد / لاہور (نمائندگان جنگ) الیکشن کمیشن نے اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کو ضمنی انتخابات کے حتمی نتائج میں شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے جس کے بعد ضمنی انتخابی نتائج میں تبدیلی کاامکان پیدا ہوگیا ہے کیونکہ 6؍ حلقوں میں جیت کا فرق انتہائی کم ہے اور سمندر پار پاکستانیوں کے ووٹ فیصلہ کن کردار ادا کرسکتے ہیں ۔ تفصیلات کےمطابق چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار رضا خان سے چیئرمین نادرا عثمان مبین اور دیگر حکام نے ملاقات کی جس میں چیئرمین نادرا نے الیکشن کمیشن حکام کو سمندر پار پاکستانیوں کی آئی ووٹنگ کے حوالے سے بریفنگ دی۔ الیکشن کمیشن نے نادرا کی بریفنگ کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹوں کو گنتی کرکے حتمی نتائج میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ضمنی انتخابات میں 34؍ حلقوں میں 6؍ ہزار 233 سمندر پار پاکستانیوں نے ووٹ کاسٹ کئے۔ الیکشن کمیشن نے انٹرنیٹ کے ذریعے کاسٹ تمام ووٹوں کی تفصیلات متعلقہ ریٹرننگ افسران کوبھجوا دی ہیں، ریٹرننگ افسران فارم 48 اور فارم 49 میں ان ووٹوں کو حتمی رزلٹ کا حصہ بنائیں گے۔ ادھر سمندر پار پاکستانیوں کے ووٹ 6حلقوں میں فیصلہ کن کردار ادا کرسکتے ہیں۔غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 6حلقوں میں جیت کا فرق انتہائی کم ہے۔ این اے 60میں جیت کا مارجن تقریباً 600ووٹ ہے، پی کے 7سوات میں جیت کا فرق صرف 600ہے۔ اس کے علاوہ پی کے 53 مردان میں بھی جیت کا مارجن صرف 36 ووٹوں کا ہے جبکہ پی کے3 سوات میں جیت کا مارجن 800 ووٹوں کا ہے۔غیرحتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق پی پی27 جہلم میں بھی امیدوار صرف 600 ووٹوں کے فرق سے کامیاب رہا،اس کے علاوہ پی پی 3 اٹک میں امیدوارکی جیت کا مارجن 150 ووٹوں کے قریب ہے۔دوسری جانب الیکشن کمیشن نے اوورسیز پاکستانیز کے کاسٹ کے گئےووٹوں کی حلقہ وار تفصیلات بھی جاری کر دی ہیں جس کے مطابق 83 اعشاریہ 54 فیصد رجسٹرڈ سمندر پار پاکستانیوں نے آئی ووٹنگ کے ذریعے ووٹ کاسٹ کیا ۔

تازہ ترین