• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ضمنی الیکشن:دھاندلی الزام دھندلا گیا، شفافیت پر سوالات بڑھ گئے،تجزیہ کار

کراچی(جنگ نیوز)تجزیہ کار شہزاد چوہدری، بابر ستار، حسن نثار، ارشاد بھٹی ،حفیظ اللہ نیازی اورسلیم صافی نے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات کے نتائج نے عام انتخابات میں دھاندلی کا الزام دھندلا دیاہے، نتائج سے عام انتخابات کے شفاف ہونے پر سوالات بڑھے ہیں، تحریک انصاف نے 35میں سے 16نشستیں حاصل کیں اسے شکست قرار نہیں دیا جاسکتا، حسین حقانی، اسحاق ڈار، نواز شریف کے بیٹوں کیطرح لگتا ہے پرویز مشرف بھی نہیں آئیں گے۔ جیو کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان ابصاء کومل سے گفتگو کرتے ہوئے حسن نثار کا کہنا تھا کہ ضمنی انتخابات کے نتائج نے عام انتخابات میں دھاندلی کا الزام دھندلا دیاہے، ولید اقبال کی جگہ ہمایوں اختر کو ٹکٹ دینے پر لوگوں میں غصہ تھا،قومی و صوبائی اسمبلی کی 35نشستوں میں سے تحریک انصاف نے 16نشستیں حاصل کیں ، اسے پی ٹی آئی کی شکست قرار نہیں دیا جاسکتا ہے، 35سالہ پرانے عفریت کے مکمل خاتمے میں وقت لگے گا۔حفیظ اللہ نیازی نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کی شکست کی وجہ کمزور امیدوار یا حکومتی کارکردگی نہیں ہے، لاہور میں جس نشست پر الیکشن کروالیں رزلٹ یہی نکلے گا کیونکہ یہی اصلی رزلٹ ہے، پی ٹی آئی نے ضمنی انتخابات میں اپنی کئی نشستیں کھوئی عموماً ایسا نہیں ہوتا ہے۔ارشاد بھٹی کا کہنا تھا کہ ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کو جہاں شکست ہوئی وہاں کمزور امیدوار اور حکومتی کارکردگی دونوں ہی اثرانداز ہوئے ہیں، لاہور میں پی ٹی آئی کے امیدوار کوئی بھی ہوتے انہیں ہارنا تھا، ولید اقبال شاید کچھ ووٹ زیادہ حاصل کرلیتے لیکن جیت نہیں پاتے،بابر ستار نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں عموماً حکومتی جماعت کے امیدوار جیتتے ہیں، 2013ء کے انتخابات کے بعد ضمنی انتخابات میں وہی نتائج نظر آئے، اگر 2013ء میں دھاندلی ہوئی تھی تو ضمنی انتخابات میں نتائج مختلف آنے چاہئے تھے، لیکن 2018ء کے عام انتخابات کے دو ماہ بعد ہی مختلف نتائج آرہے ہیں، ضمنی انتخابات کے نتائج سے عام انتخابات کے شفاف ہونے پر سوالات بڑھے ہیں۔شہزاد چوہدری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کوضمنی انتخابات میں شکست نہیں ہوئی ہے، البتہ ضمنی انتخابات کے نتائج ن لیگ کیلئے حوصلہ افزا جبکہ پی ٹی آئی کیلئے لمحہ فکریہ ہیں، بنوں اور اٹک میں پی ٹی آئی کے امیدوار کمزور تھے۔حفیظ اللہ نیازی نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ضمنی انتخابات میں اپنی کئی نشستیں کھوئیں عموماً ایسا نہیں ہوتا ہے۔

تازہ ترین