اسلام آباد (نمائندہ جنگ) سپریم کورٹ نے دہشتگردی کے الزامات میں فوجی عدالتوں سے سزائے موت پانے والے چار ملزمان کی اپیلیں سماعت کے لئے منظور کر لی ہیں اور ملزمان کے وکلاءکو ٹرائل کورٹ کے ریکارڈ کا جائزہ لینے کی اجا زت بھی دے دی ہے، اپیلوں کی سماعت گزشتہ روز جسٹس شیخ عظمت سعید کی سربراہی میں عدالت عظمیٰ کے تین رکنی بنچ نے کی، یہ اپیلیں اسماعیل خان ، وسیم شاہ ، لیاقت علی اور سید نبی کی جانب سے دائر کی گئی تھیں، دوران سماعت سزا یافتہ ملزمان کے وکلاءنے ٹرائل کورٹ کے ریکارڈ کا جائزہ لینے کی استدعا کی تو جسٹس شیخ عظمت سعید نے کہا کہ وکلا ریکارڈ دیکھ کر تیاری کر کے آئیں ، تیاری نہ ہوئی تو نقصان آپ کے موکلان کا ہو گا، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ سیکورٹی خدشات کے باعث کچھ ریکارڈ نہیں دکھا سکتے، جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ آج کا حکم مجموعی ہے لیکن آئندہ کیس علیحدہ علیحدہ سنیں گے،عدالت نے اپیلوں کی مزید سماعت تین ہفتوں کیلئے ملتوی کردی ہے۔