• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’سب سے پہلےعمران کا گھر ریگولائزہوگا‘

چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے کہا ہے کہ سب سے پہلے وزیر اعظم عمران خان کا گھر ریگولائز ہوگا، اس کو سیاسی بیان نہ سمجھا جائے کیونکہ عمران خان ہی اس کیس کو لیکر عدالت میں آئے۔

بنی گالا میں تجاوزات کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے کہا سب سے پہلے عمران خان کو جرمانہ ادا کرنا ہوگا، لوگوں کو علم ہو کہ عمران خان نے جرمانہ ادا کر دیا ہے پھر باقی لوگوں سے عمارتیں ریگولائز کروانے کو کہا جائے گا، جب تک ریگولائزیشن کا مسئلہ حل نہیں ہوتا نئی عمارتیں بنانے کی اجازت نہیں دیں گے۔

انہوں نےکہا کہ ایک وزیر کا بیان ہے کہ پچھلی حکومت نے غلط رہ نمائی کی، معلوم نہیں ووٹ بینک کم ہونے کی وجہ سے ایسا بیان دیا۔

چیف جسٹس نےعمران خان کے وکیل بابر اعوان سے مکالمے میں کہا آپ لوگوں نے 50 دنوں میں کیا اقدامات کیے ہیں؟

بابر اعوان نے کہاآج کل شہریار آفریدی ان معاملات کو دیکھ رہے ہیں۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے ایک رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا 50 یونین کونسل اور 59 ہاؤسنگ سوسائٹیوں کا سیوریج راول جھیل میں گرتا ہے۔

چیف جسٹس نے کہا ہم راول جھیل کا پانی پی رہے ہیں سارا سیوریج اسی جھیل میں ڈالا جا رہا ہے۔

عدالت نے سیکرٹری داخلہ کی سربراہی میں بنی گالا تجاوزات جائزہ کمیٹی قائم کرنے کا حکم دے دیا، چیرمین سی ڈی اے ، سیکرٹری ہاؤسنگ، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اور سیکرٹری کلائمیٹ چینج کمیٹی کے ارکان ہوں گے، کمیٹی 10 روز میں اپنی رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش کرے گی، کیس کی مزید سماعت 29 اکتوبر کو ہوگی۔

تازہ ترین