• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تمام بجلی منصوبوں کا آڈٹ ہوگا، شہباز نے مہنگے ترین پلانٹس لگائے، قیمت بھی بڑھ گئی، ہر ماہ 34 ارب کا نقصان ہورہا ہے، وزیراطلاعات، الزامات غلط، ن لیگ

اسلام آباد؍کراچی (نمائندہ جنگ؍ این این آئی) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ حکومت نے مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں لگائے گئے بجلی کے تمام منصوبوں کے آڈٹ کا فیصلہ کیا ہے جبکہ 2 منصوبوں کے آڈٹ کا آغاز بھی ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گھر میں ڈاکہ پڑنے پر جو کیا جاتا ہے وہی کر رہے ہیں۔ دوسری جانب مسلم لیگ ن نے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے الزامات کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا وطیرہ بن گیا ہے کہ جو چیز مہنگی کرنی ہو اس کا جواز پچھلی حکومت پر جھوٹے الزامات لگا کر پیدا کردیا جائے۔ فواد چوہدری کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ پی ٹی آئی خسارہ کم کرنے کی بجائے اس کا بوجھ عوام پر ڈال رہی ہے۔ دریں اثناء گزشتہ روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ گزشتہ دور حکومت میں لگایا گیا قائداعظم سولر پاور پلانٹ دنیا کا مہنگا ترین پلانٹ ہے جب کہ بھکی ، حویلی بہادر شاہ، ساہیوال کول، پورٹ قاسم پلانٹس سے دنیا کی مہنگی ترین بجلی پیدا کی جارہی ہے، شہبازشریف نے مہنگے ترین پلانٹس لگائے جس سے قیمت بڑھ گئی، ہر ماہ 34 ارب کا نقصان ہورہا ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ (ن) لیگ کے آخری دو برسوں میں بجلی کی قیمت بڑھ کر 15 روپے 53 پیسے ہوگئی، اس قیمت پر پیدا ہونے والی بجلی صارفین کو 11 روپے 71 پیسے فی یونٹ میں فراہم کی جا رہی ہے۔ وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے مجرمانہ کارروائیاں کیں، بغیر کسی معاشی منصوبے کے فیصلے کئے اور اتنے بڑے قرضے لیے جن کا بوجھ عوام پر ڈال دیا گیا، گزشتہ دور حکومت میں جس طرح اداروں سے کھلواڑ کیا اس کو بھی سامنے لانا ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت کی غلط پالیسیوں کا الزام موجودہ حکومت کو دینا درست نہیں، احتساب کے عمل پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، کرپٹ عناصر کے احتساب کا فیصلہ حکومت کا نہیں پاکستانی عوام کا ہے۔فواد چوہدری نے کہا جب ہم کہتے ہیں چوروں اور ڈاکوؤں کا احتساب ہونا چاہیے تو کہا جاتا ہے یہ لفظ مناسب نہیں، تو کیا یہ طریقہ مناسب ہے جو پاکستان کے لوگوں کے ساتھ کیا گیا، جہاں احتساب کا کہا جاتا ہے وہیں جمہوریت خطرے میں پڑ جاتی ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ جب ہم کہتے ہیں کہ احتساب ہونا چاہیے تو کچھ دوست کہتے ہیں اپوزیشن سے بنا کر رکھنی چاہیے، جب سب کچھ اس طرح چلنا ہے تو پھر تحریک انصاف کو حکومت میں آنے کی کیا ضرورت تھی۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کو پتا ہی نہیں اور ان کے اکاؤنٹس میں اربوں روپے نکل رہے ہیں، منی لانڈرنگ روکنے اور سرمایہ کاری لانے کے لیے اقدامات کررہے ہیں۔فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت سردیوں میں ایک ارب دو کروڑ یومیہ نقصان کر رہی ہے، گرمیوں میں بجلی کا ایک ارب 80 کروڑ روپے نقصان حکومت برداشت کررہی ہے اور اس نقصان کی وجہ سے 34 ارب روپے ہر سال گردشی قرضے میں اضافہ ہوا۔وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ بجلی کی قیمت نیپرا طے کرتا ہے اور یہ ادارہ ہم نے نہیں گزشتہ حکومتوں نے بنایا ہے، نیپرا نے کہا کہ بجلی کی قیمت میں اضافہ کریں ورنہ روز نقصان ہوگا اور آج 14 ہزار میگاواٹ بجلی کی طلب ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان تمام معاملات پر جلد قوم کو اعتماد میں لیں گے، پاکستان کا مستقبل روشن ہے جلد عوام کو خوشخبریاں ملیں گی۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھانے کے لیے اقدامات کی ہدایت کی ہے، مستقبل میں بہت بڑی سرمایہ کاری پاکستان میں آ رہی ہے اور زرمباردلہ کے ذخائر بڑھانے کے لیے 4 مرحلوں میں کام کیا جارہا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف نے نئی مثال قائم کی، کسی وزیر نے حلقے کا دورہ نہیں کیا، ہمارے خلاف تمام جماعتیں اکٹھی تھیں پھربھی ہمارا مقابلہ نہ کرسکیں اور تحریک انصاف نے سب سے زیادہ ووٹ حاصل کیے۔مسلم لیگ (ن) کی حکومت پرتنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت کا آخری ڈیڑھ سال بجلی کے حوالے سے بدترین تھا۔ منی لانڈرنگ کے خلاف نیا فریم ورک تیار کرلیا ہے۔انہوں نے کہا کہ فالودہ والے، طالبِ علموں اور تین تین برسیوں والے مردہ افراد کے نام پر بھی جعلی اکاؤنٹس مل رہے ہیں۔فواد چوہدری نے کہا کہ ضمنی انتخابات کے بارے میں بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ان انتخابات میں دیگر تمام سیاسی جماعتیں پی ٹی آئی کے خلاف متحد تھیں پھر بھی مقابلہ نہ کرسکیں۔ضمنی انتخابات کے نتائج کے حوالے سے فواد چوہدری نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کو سب سے زیادہ ووٹ ملے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان کو سعودی عرب ، یو اے ای چین اور دیگر ممالک کی حمایت حاصل ہے،۔فواد چوہدری نے کہا کہ گزشتہ حکومت کی کارکردگی سامنے رکھنا ضروری ہے‘ نون لیگ نے لوگوں سے جو کھیل کھیلا عوام کے سامنے لائیں گے، شہباز شریف کہتے تھے ہم نے سستی بجلی کے پلانٹ لگائے‘حکومت کو بجلی کی قیمت 14.22 روپے میں پڑ رہی ہے۔فواد چوہدری نے کہاکہ صوبوں کو نیٹ ہائیڈل میں سے منافع دینا ہے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ روزانہ بجلی کی طلب 14 ہزار 900 میگا واٹ کے لگ بھگ ہے، نیپرا نے تجویز دی کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کریں۔ وزیر اعظم نے بیرون ملک سے آنے والا پیسہ بڑھانے کی ہدایت کی‘ منی لانڈرنگ روکنے اور سرمایہ کاری لانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس میں ابھی بجلی کے معاملے پر بحث نہیں ہوئی، حکومت کتنی بجلی پر سبسڈی دے گی فیصلہ اجلاس میں ہوگا. برآمدی انڈسٹری کو سہولتیں دینے کے لیے کام کر رہے ہیں.۔

تازہ ترین