• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اقتصادی رابطہ کمیٹی، بجلی کی قیمت میں اضافہ پھر موخر، برآمدی صنعت کو بلاتعطل گیس ملے گی

اسلام آباد (خبرایجنسی) اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس ،بجلی کی قیمت میں اضافہ پھر موخر، برآمدی صنعت کو بلاتعطل گیس ملے گی۔منگل کو وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں ای سی سی نے گھریلو صارفین سے لے کر صنعت کے5زیرو ریٹڈ شعبوں کیلئے اضافی گیس سپلائی کو یقینی بنانے کے میکنزم کی منظوری دی جبکہ گزشتہ حکومت کے ایل این جی ٹرمینلز کے معاہدوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ایک بار پھر موخر کر تے ہوئے زیرو ریٹڈ شعبوں کو سو فیصد آر ایل این جی فراہمی کی منظوری دیدی ،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ان شعبوں کو پاور سیکٹر کے برابر گیس کی سپلائی میں ترجیح دی جائے گی اور موسم سرما کے تین ماہ کے دوران جب گھریلو صارفین کیلئے گیس کی طلب عروج پر ہوتی ہے، آر ایل این جی فراہم کی جائے گی جبکہ مارچ سے نومبر کے دوران ان صنعتوں کو گھریلو گیس اور آر ایل این جی 50، 50 کے تناسب سے فراہم کی جائے گی۔ اجلاس میں گذشتہ حکومت کی طرف سے کئے گئے ایل این جی ٹرمینلز کے معاہدوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔ ای سی سی نے فیصلہ کیا کہ کابینہ کے آئندہ اجلاس میں اس حوالہ سے حقائق کو پیش کیا جائے گا۔ ای سی سی نے خیبرپختونخوا اور پنجاب کی صوبائی حکومتوں کی طرف سے بہترین بجٹ کو سراہا۔

تازہ ترین