• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تجاوزات مخالف مہم کا ضمنی الیکشن میں نقصان پہنچا، علی نواز اعوان

کراچی(جنگ نیوز)تحریک انصاف کے رہنما علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ اینٹی انکروچمنٹ مہم کی وجہ سے ضمنی انتخابات میں نقصان ہوا، قومی اسمبلی میں شہباز شریف کو تقریر کی اجازت دینے میں کوئی حرج نہیں ہے۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ میزبان حامد میر نے بتایا کہ ایف بی آر انٹیلی جنس نے انہیں نوٹس دیا ہے اور غلط طور پر دبئی میں ایک جائیداد کا مالک بتایا ہے جس کا مجھے پتا ہی نہیں ہے،صاحب جائیداد میرا ہم نام ہے مگر ولدیت مختلف ہے، ثابت ہوجائےتو ایف بی آر یہ جائیداد رکھ لے۔پروگرام میں ن لیگ کے رہنما ملک سہیل خان ،وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل کامران مرتضیٰ،عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما وقار احمد خان اور نمائندہ جیو نیوز لاہور ذیشان بخش سے بھی گفتگو کی گئی۔ملک سہیل خان نے کہا کہ حکومت کی خراب کارکردگی کی وجہ سے میرے ووٹوں میں اضافہ ہوا، اساتذہ کو ہتھکڑیاں لگانے کیخلاف قرارداد پیش ہوئی تو ساتھ دیں گے۔کامران مرتضیٰ نے کہا کہ شہباز شریف کو کل اسمبلی اجلاس میں موقف پیش کرنے کا موقع ملنا چاہئے، حکومت کو اسمبلی چلانی ہے تو اسےہاتھ ہلکا کرنا پڑے گا ۔وقار احمد خان نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے تبدیلی کے نام پر مہنگائی اورٹیکسوں کی بھرمار کردی ہے، پی ٹی آئی حکومت کے قول و فعل میں تضاد ضمنی انتخابا ت میں اے این پی کی فتح کی وجہ بنا ہے۔

تازہ ترین