• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گرفتار اپوزیشن لیڈر کی قومی اسمبلی آمد


قومی اسمبلی کا گرما گرم اجلاس آج ہورہا ہے  جس میں مسلم لیگ ن کے گرفتار اپوزیشن لیڈر شہباز شریف تقریر کریں گے۔

شہباز شریف کے اسمبلی اجلاس میں شرکت کیلئے اسپیکر قومی اسمبلی نے آج کے لیے پروڈکشن آرڈر جاری کر رکھے تھے، جس کے بعد نیب لاہور کی ٹیم شہباز شریف کو لے کر لاہور ایئرپورٹ سے اسلام آباد کیلئے روانہ ہوئی، اس موقع پر تمام راستوں پر سیکورٹی ہائی الرٹ تھی۔

اپوزیشن لیڈر نیب افسران کی دو رکنی ٹیم کے ہمراہ پی آئی اے کی پرواز پی کے 652 کے ذریعے لاہور سے اسلام آباد پہنچے ، نیب ٹیم میں محمد عمران اور وقاص احمد شامل تھے ۔

ڈپٹی ڈائریکٹر محبوب عالم کی سربراہی میں نیب راولپنڈی کی ٹیم اسلام آباد ایئرپورٹ پر موجود تھی جو شہباز شریف کو ایئرپورٹ سے پارلیمنٹ تک لائی۔

نیب ٹیم نے شہباز شریف کو قومی اسمبلی کے سارجنٹ ایٹ آرمز کے حوالے کیا اور قومی اسمبلی اجلاس کے بعد سارجنٹ ایٹ آرمز ہی شہباز شریف کو نیب ٹیم کے حوالے کریں گے۔

ذرائع کے مطابق اسمبلی اجلاس میں شہباز شریف تقریر کریں گے ،جبکہ تمام ن لیگی ارکان بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر اجلاس میں شریک ہوں گے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ اجلاس کا وقت ختم ہونے کے بعد شہباز شریف نیب حکام کی اجازت کے بغیر کسی سے نہیں مل سکیں گے، اگر اسمبلی اجلاس ایک دن سے زیادہ طویل ہوا تو شہباز شریف کو نیب تھانے کی حوالات میں رکھا جائے گا۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل کیس میں گرفتار ہیں اور جسمانی ریمانڈ پر نیب کی حراست میں ہیں۔

تازہ ترین