• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’چونکا دینے والے سوالات اور واقعات بتانے آیا ہوں‘


آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتار اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ بعض چونکا دینے والے سوالات اور واقعات بتانے آیا ہوں ،منتخب رہنما کو بھونڈے طریقے اور فراڈ سے گرفتار کیا گیا ،پی ٹی آئی اور نیب کا چولی دامن کا ساتھ ہے، مرضی کے دھاندلی زدہ نتائج حاصل کرنے کی کوششیں کی گئیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل کیس میں گرفتار قائدِ حزب اختلاف شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے تھے جس کا مطالبہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے سامنے آیا۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ شاید تاریخ کا جبر ہے یا تاریخ رقم کی جارہی ہے ، میں یہاں مقدمے کے میرٹ یا فیکٹس پر بات نہیں کروں گا بلکہ تحریک انصاف اور نیب کے ناپاک الائنس پر بات کرنا چاہتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان دھاندلی کی پیداوار وزیراعظم ہیں، تیرہ مئی کو ہمارے خلاف دہشتگردی کے مقدمے قائم کیے گئے،مسلم لیگ کےرہنماؤں کونیب کےعقوبت خانوں میں پہنچایا گیا،شیخ رشید نےکہا تھا کہ شہبازشریف جیل کی ہوا کھائےگا،چیئرمین نیب نے میرےگرفتاری کے آرڈرپانچ اور چھ جولائی کےدرمیان تیارکرلیے تھے،نیب نے ضمنی انتخاب سے پہلے موخرفیصلے پرعمل درآمد کیا۔

قائدِ حزب اختلاف نے کہا کہ عمران خان کی چھوڑی ہوئی سیٹیں ہم نے جیتیں،ثابت ہوگیا کہ الیکشن دھاندلی زدہ تھا،یا تو عام انتخابات کا نتیجہ غلط تھا یا ضمنی انتخاب کے نتائج غلط ہیں، اپوزیشن کےارکان کو نیب نے نشانے پررکھا ہوا ہے،ایسا کبھی نہیں ہوا کہ دو ماہ میں اتنی بڑی تبدیلی آجائے،ضمنی انتخاب سچا تھا یا عام انتخابات جعلی تھے،اس جھوٹ کے پلندے سے اس نظام کو خطرہ پہنچ سکتا ہے۔

انہوں نے اسپیکر قومی اسمبلی سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اسپیکر صاحب آپ پر نظام کو بچانے کی بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے،میں یہاں اپنےاوپرالزامات کی صفائی پیش کرنےنہیں آیا،میری جھولی میں عوامی خدمت،امانت اور دیانت کے سواکچھ نہیں،پارلیمنٹ نے فیصلہ کرنا ہوگا کہ کیایہاں جنگل کا قانون ہوگا،اگرکوئی فاشسٹ ہے تواسے ہٹلر اورمسولینی کاانجام یاد رکھنا چاہیے۔

قائد حزب اختلاف نے نیب میں جاری تفتیش کے بارے میں بھی اظہار خیال کیا اور ایوان کو بتایا کہ نیب والے صاف پانے میں لے گئے اور آشیانہ میں گرفتار کیا اور تفتیش کے دوران چین اور ترکی میں سرمایہ کاری سے متعلق سوالات پوچھے جارہے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ نیب نے دوران تفتیش کہا ہمارے پاس شواہد ہیں کہ آپ کی اور آپ کے بچوں کی چین اور ترکی میں سرمایہ کاری ہے، میں نے کہا اگر ثبوت ہیں تو ابھی یہاں لے آئیں، یہ نیب ہے یا نیشنل بلیک میلنگ بیورو، پنجاب کو خون پسینہ دیا اور 18 گھنٹے کام کیا۔

نیب والے کہتے ہیں آپ خواجہ آصف کے خلاف گواہی دیں گے، میں نے کہا آپ کو خیال نہیں آتا، مجھے لوگوں کے خلاف گواہی دینے کے لیے بلایا ہوا ہے، مجھے جس کیس میں بلایا گیا ہے اس حوالے سے باتیں پوچھی جائیں اور اس کی شکایت نیب ڈائریکٹر سے بھی کی ہے۔

تازہ ترین