• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رعونت چھوڑ کر حکومتی ارکان ضمنی انتخابات سے سبق سیکھیں،خواجہ آصف

مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ حکومتی نشستوں پر بیٹھے لوگ رعونت سے کام لینے کے بجائے ضمنی انتخابات سے سبق سیکھیں۔

قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب میں خواجہ آصف نے کہا کہ حکومتی اراکین گزشتہ 5سال میں جن چار سیٹوں پر دھاندلی کا شور مچاتے رہے وہ آج بھی ہمارے پاس ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ سنا ہے پرویز مشرف بیمار ہیں ،اللہ انہیں شفا بخشے اور ساتھ ہی یہ شعر بھی پڑھا :

’ یہ وقت کس کی رعونت پر خاک ڈال گیا ۔۔ یہ کون بول رہا تھا خدا کے لہجے میں ‘۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ آف شور کمپنی رکھنے والوں کو وزارتوں کے برابر عہدہ دیا جارہاہے ،انسان بھول جاتاہے کہ اقتدار چار دن کی چاندنی ہے ،بجلی کے منصوبوں کا آڈٹ ضرور کروائیں لیکن قیمتیں بڑھانے کا ملبہ ہم پر نہ ڈالا جائے ۔

خواجہ آصف نے کہا کہ ان کو اقتدار کے دوسرے دن ہی آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑگیا ،ویسے یہ آئی ایم ایف کو گالیاں دیتے تھے ،اب وہاں سجدہ ریز ہورہے ہیں ،یہ لوگ منتوں پر اترآئے ہیں۔

ان کا مزید کہناتھاکہ نوے کی دہائی میں ایک دوسرے کو انتقام کا نشانہ بنانے سے جو جگہ بنی اس پر دوسرے نے قبضہ کرلیا ،ہم نے اپنی غلطیوں سے سیکھا اور میثاق جمہوریت سامنے آیا۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ میں پی ٹی آئی کی حکومت سے کہتا ہوں کہ یہ ہماری غلطیوں سے ہی سیکھ لیں ،اپنی غلطیاں کرکے اپنے دور کو کیوں داغدار کرنا چاہتے ہیں۔

ن لیگی رہنما نے یہ بھی کہا کہ ایک نئی رسم ڈالی جارہی ہے ، اپوزیشن لیڈر کو گرفتار کیا جارہاہے ،اقتدار انتقامی جذبے پر پروان نہیں چڑھتا ۔

تازہ ترین