• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب میں 23دنوں میں 75ہزار ڈرائیور چالان کروا بیٹھے

پنجاب میں سیف سٹیز اتھارٹی کی جانب سے ای چالان کا سلسلہ تین ہفتوں سےجاری ہے، ٹریفک سگنل اوردیگر اصولوں کی پرواہ نہ کرنے والے 75 ہزار ڈرائیور چالان کروا بیٹھے۔

ان ڈرائیورز کے نام الیکٹرانک ’محبت نامے‘ گھروں میں پہنچے توانہیں 70 لاکھ روپے جرمانہ بھرنا پڑا۔

پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی جانب سے الیکٹرانک چالان کا سلسلہ 24 ستمبر کو شروع کیا گیا ، صرف 23روز میں ٹریفک سگنل اور دیگراصولوں کی پرواہ نہ کرنے والے 75 ہزار لوگوں کے ای چالان کئے گئے۔

سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق ٹریف اصولوں کی خلاف ورزی پر موٹرسائیکل، رکشہ ، کار، ویگن ، بس سمیت دیگر گاڑیوں کا چالان کیا گیا اور بذریعہ ڈاک یہ چالان جب ان کے گھر پہنچے تو انہیں احساس ہوا کہ وہ دوران ڈرائیونگ کیا کر بیٹھے تھے۔

لاہور کے علاوہ بینک آف پنجاب کی ملتان، لیہ، لودھراں، ساہیوال ،گوجرانوالہ اوردیگر دوردراز علاقوں میں 595ای چالان جمع کروائے گئے۔

سیف سٹیز حکام کے مطابق چالان جمع نہ کروانے والوں کا بعض شاہراہوں پر داخلہ بند کرنے پر غور کیا جارہا ہے، جرمانہ ادا نہ کرنے والوں کو بینک آف پنجاب کی شاخوں کے قریب ناکے لگا کر بھی پکڑا جائے گا ۔.

سیف سٹیز اتھارٹی نے 8000 سے زائدگاڑیوں کا ریکارڈ درستی کیلئے محکمہ ایکسائز کو بھجوادیا ہے۔

تازہ ترین