• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ابوظہبی :پاکستان کی آسٹریلیا پر 281 رنز کی سبقت حاصل

ابوظہبی ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی گرفت مضبوط ہوگئی ہے ،دوسرے دن کے اختتام پر گرین شرٹس نےآسٹریلیا پر 281 رنز کی سبقت حاصل کرلی ہےجبکہ اس کی 8 وکٹیں ابھی باقی ہیں ۔

پاک آسٹریلیا سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کا دوسرا دن بھی بولرز کے نام رہا ،مہمان ٹیم نے کل کے اسکور 2وکٹ پر 20سے اپنی اننگز دوبارہ شروع کی اور پہلی اننگز میں 145رنز پر پویلین لوٹ گئی ۔

گرین شرٹس کے محمد عباس نے دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں ایک بار پھر 5وکٹیں حاصل کیں جبکہ بلال آصف کے حصے میں 3وکٹ آئیں۔

محمد حفیظ اور فخرزمان نے دوسری اننگز کا آغاز کیا ،پہلی وکٹ کی شراکت 15رنز رہی ،پہلے ٹیسٹ میچ کے سنچری میکر آل رائونڈر محمد حفیظ صرف6 رنز بناکر اسٹارک کا شکار بن گئے ۔

دوسری وکٹ پر اظہر علی اور فخر زمان نے 91 رنز کی شراکت قائم کی اور اسکور 106رنز تک پہنچادیا۔

اس دوران فخرزمان نے پہلے ٹیسٹ میچ میں اپنی دوسری نصف سنچری مکمل کی ۔

ایک سو چھ رنز کے مجموعے پر 7چوکوں کی مدد سے 66 رنز بنانے والے فخرزمان کو نیتھن لائن نے اپنی ہی گیند کیچ کرکے پویلین کی راہ دکھائی ۔

تیسری وکٹ پر اظہر علی 54 اورحارث سہیل 17 رنز پر کھیل رہے ہیں ،دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 38رنز کی شراکت بن چکی ہے ،یوں دن کے اختتام تک پاکستان نے 2وکٹ پر 144 رنز بنالئے ہیں۔

تازہ ترین