• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فخر زمان نے خود کو ٹیسٹ کرکٹر بنانے کا کریڈٹ آرتھر کو دیدیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اوپنر فخر زمان کا کہنا ہے کہ میں فرسٹ کلاس کرکٹ کھیل کر اوپر آیا، لیکن مجھے ٹیسٹ کھلاڑی بنانے کا کریڈٹ مکی آرتھر کو جاتا ہے۔ انگلینڈ میں انہوں نے بتادیا تھا کہ مجھے ٹیسٹ میچوں کے لئے تیار کیا جارہا ہے، لیکن ٹیسٹ نہیں کھلایا جائے گا۔ ٹیم انتظامیہ میری فٹنس اور تکنیک پر کام کررہی تھی۔ کوچ صرف ٹیم کے ساتھ رکھنے کیلئے آئر لینڈ اور انگلینڈ لے کر گئے تھے ۔ بدھ کو پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ کے بعد میں نے ٹیم انتظامیہ کو کہا تھا کہ مجھے قائد اعظم ٹرافی کھیلنے کے لئے وطن واپس بھیجا جائے۔ لیکن مجھے ٹیم کے ساتھ رکھا گیا ۔ فخر زمان نے اعتراف کیا کہ دبئی ٹیسٹ کے بعد مجھے اور عثمان صلاح الدین کو واپس پاکستان بھیجنے کا فیصلہ کر لیا گیا تھا۔ امام الحق کی انگلی میں فریکچر کے سبب مجھے ڈیبیو کا موقع مل گیا۔ پہلی اننگز میں میرے اور سرفراز احمد کے درمیان یہی طے ہوا تھا کہ بس وکٹ پر رک کر کھیلنا ہے ، کپتان نے بہت اعتماد بڑھایا، خوشی ہے ہماری بیٹنگ ٹیم کے کام آئی۔ مزید 150رنز بنالیں تو پاکستان کی پوزیشن مضبوط ہوجائے گی۔
تازہ ترین