• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب اور تحریک انصاف میں ناپاک اتحاد ہے، مجھے خواجہ آصف کیخلاف گواہ بنانے کی کوشش کی، شہبازشریف

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے الزام لگایا ہےکہ نیب اور تحریک انصاف کے درمیان ناپاک اتحاد ہے، میری گرفتاری کا حکم 6سے 13؍ جولائی کے درمیان دیا گیا تھا،شیخ رشید نے اسی وقت بتا دیا تھا، گرفتاری پر عمل ضمنی الیکشن سے پہلے کیا گیا، پارلیمانی کمیٹی ترکی اور چین میں میرے بزنس کے حکومتی الزام کی تحقیقات کرے، کیایہ تبدیلی ہے کہ غریب سے نوالے چھین لئے گئےہیں، خواجہ آصف کیخلاف گواہی دینے کیلئے کہا گیا، میجر(ر) کا مران کیانی کو ٹھیکہ دینے کا الزام لگایا گیا حالانکہ میں نے ان کا رنگ روڈ کا ٹھیکہ منسوخ کیا تھا۔ میں نے پنجاب کے عوام کی خدمت کی ہے اور اپنی زندگی کی قیمت پر بھی عوام کی خدمت جاری رکھوں گا، میں نیب کے ظلم و ستم اور جیل جانے سے نہیں ڈرتا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار بدھ کے روز قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اسپیکر اسد قیصر نے اجلاس کی صدار ت کی۔ انہیں پروڈکشن آرڈر پر ایوان میں لایا گیا تھا شہباز شریف نے اسپیکر سے مطالبہ کیا کہ ان پر ترکی اور چین میں بزنس کرنے کے حکومتی الزام کی انکوائری کیلئے پارلیمانی کمیٹی بنائی جائے۔ وزیراعظم عمران خان نے الزام لگایا تھا کہ میں نے جاوید صادق سے 27ارب روپے لئے ملتان میٹرو بس پراجیکٹ میں17ملین ڈالر لئے، میری پاناما کیس میں10ارب ڈالر کی کمپنی ہے، ان تینوں الزامات کی انکوائری کیلئے پارلیمانی کمیٹی بنائی جائے، انہوں نے کہا کہ اگر مجھ پر الزمات ثابت ہو جائیں تو میں مستعفی ہو جائوں گا ورنہ عمران خان وزارت عظمیٰ چھوڑ کر کسی خانقاہ میں بیٹھ جائیں۔ شہباز شریف نے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے پر اسپیکر کا شکریہ ادا کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ اپوزیشن لیڈر کو بغیر کسی الزام کے بھونڈے طریقے سے گرفتار کیا گیا، میں مقدمہ کے میرٹ اور حقائق پر بات نہیں کروں گا کہ وہ فورم احتساب عدالت ہے۔ میں نیب اور پی ٹی آئی کے غیر مقدس گٹھ جوڑ پر بات کروں گا۔

تازہ ترین